کیلگری میں 100 ملی میٹر تک بارش کی پیش گوئی، شہریوں کو احتیاط کی ہدایت

اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)کیلگری میں موسلادھار بارش کے پیش نظر محکمہ ماحولیات نے شدید بارش کی وارننگ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔

محکمے کے مطابق شہر میں 50 سے 100 ملی میٹر تک بارش ہونے کا امکان ہے، جو پیر تک جاری رہ سکتی ہے۔ توقع ہے کہ پیر کی شام بارش کی شدت میں کمی آئے گی اور منگل کی صبح تک بارش کا سلسلہ ختم ہو جائے گا۔

ماہرین موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ نشیبی علاقوں میں سڑکوں پر پانی جمع ہو سکتا ہے، جبکہ تیز بہاؤ گاڑیوں کو بہا لے جانے اور بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچانے کا سبب بن سکتا ہے۔

شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ زیرِ آب سڑکوں پر گاڑی چلانے سے گریز کریں اور دریاؤں، ندی نالوں اور آبی گزرگاہوں کے قریب ممکنہ کٹاؤ اور سڑکوں کی خرابی سے محتاط رہیں۔

دوسری جانب، کیلگری کے میئر جیرومی فرکاس نے بتایا کہ اس وقت دریاؤں میں پانی کی سطح معمول کے مطابق ہے، تاہم ہفتے کے آغاز میں اس میں معمولی اضافہ متوقع ہے۔

انہوں نے کہا کہ رہائشی علاقوں میں دریاؤں کے کناروں سے پانی باہر آنے کا خدشہ نہیں ہے۔

میئر کے مطابق موجودہ بارش کی صورتحال جون کے اوائل میں ہونے والی بارش سے ملتی جلتی ہو سکتی ہے، جس کے نتیجے میں دریاؤں کے قریب نشیبی علاقے زیرِ آب آ سکتے ہیں، انڈر پاسز کے قریب پیدل چلنے کے راستے عارضی طور پر بند کیے جا سکتے ہیں، جبکہ کشتی رانی سے متعلق انتباہ بھی جاری کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ضرورت پڑنے پر امدادی عملہ تیار ہے، تاہم فی الحال اضافی ہنگامی کارروائیوں کی توقع نہیں کی جا رہی۔

محکمہ موسمیات نے اتوار اور پیر دونوں روز گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے، جبکہ درجہ حرارت 15 سے 17 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو  800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنا مختصر  تعارف کے ساتھ URDUWORLDCANADA@GMAIL.COM پر ای میل کردیجیے۔

امیگریشن سے متعلق سوالات کے لیے ہم سے رابطہ کریں۔

کینیڈا کا امیگریشن ویزا، ورک پرمٹ، وزیٹر ویزا، بزنس، امیگریشن، سٹوڈنٹ ویزا، صوبائی نامزدگی  .پروگرام،  زوجیت ویزا  وغیرہ

نوٹ:
ہم امیگریشن کنسلٹنٹ نہیں ہیں اور نہ ہی ایجنٹ، ہم آپ کو RCIC امیگریشن کنسلٹنٹس اور امیگریشن وکلاء کی طرف سے فراہم کردہ معلومات فراہم کریں گے۔

ہمیں Urduworldcanada@gmail.com پر میل بھیجیں۔

    📰 اقوامِ متحدہ سے تازہ ترین اردو خبریں