اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے کورونا کی شرح میں اضافے پر ایس او پیز جاری کر دیئے۔
وزارت صحت کے ترجمان کے مطابق این سی او سی نے سرکاری دفاتر کے لیے کورونا ایس او پیز جاری کر دیے ہیں جس کے تحت دفتر سمیت ہر جگہ بیٹھتے ہوئے سماجی فاصلہ برقرار رکھا جائے گا۔
ترجمان نے کہا کہ عبادت اور نماز کے دوران سماجی فاصلے کو بھی یقینی بنایا جائے جبکہ دفاتر اور واش رومز کے داخلی راستوں پر ہینڈ سینیٹائزرز کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ تمام دفاتر اور عمارتوں کے داخلی راستوں پر لوگوں کا درجہ حرارت چیک کیا جائے، کورونا کی علامات والے افراد کو دفاتر اور عمارتوں میں داخل نہ ہونے دیا جائے جب کہ نزلہ، فلو اور سانس لینے میں دشواری کی صورت میں کورونا کی تشخیص کی جائے
وزارت صحت کے ترجمان نے کہا کہ این سی او سی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کورونا کے خلاف احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل درآمد کرے۔