اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)وفاقی حکومت نے خیبرپختونخوا میں طویل لوڈشیڈنگ کے مسئلے سے نمٹنے اور بجلی کے بل باقاعدگی سے ادا کرنے والے صارفین کو ریلیف دینے کے لیے نیا ٹرانسفارمر بیسڈ لوڈ مینجمنٹ سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ کرلیا۔
وفاقی وزیر توانائی اویس احمد لغاری نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کو یقین دہانی کرائی ہے کہ زیادہ نقصانات والے علاقوں میں بھی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم سے کم رکھنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر خیبرپختونخوا کے توانائی مسائل کے پائیدار حل کے لیے وفاقی اور صوبائی قیادت کا اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے میں بجلی کی طویل بندش، بجلی چوری، لائن لاسز اور صارفین کو درپیش مشکلات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں وفاقی وزیر توانائی اویس احمد لغاری، وفاقی وزیر پیٹرولیم، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی اور صوبے کے چیف سیکریٹری نے شرکت کی۔
پورے فیڈر کی لوڈشیڈنگ ختم، ٹرانسفارمر کی سطح پر نیا نظام
اجلاس میں خیبرپختونخوا کے لیے ٹرانسفارمر بیسڈ لوڈ مینجمنٹ سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا، جس کے تحت پورے فیڈر کو بند کرنے کے بجائے انفرادی ٹرانسفارمرز کی سطح پر بجلی کی فراہمی اور لوڈ مینجمنٹ کی جائے گی۔
نئے نظام کا بنیادی مقصد ایسے صارفین کو بجلی کی بندش سے بچانا ہے جو اپنے بجلی کے بل باقاعدگی سے ادا کرتے ہیں، لیکن بجلی چوری اور زیادہ لائن لاسز والے علاقوں میں رہنے کے باعث انہیں بھی طویل لوڈشیڈنگ کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
اس نظام کے نفاذ سے مختلف ٹرانسفارمرز پر منسلک صارفین کی بجلی کی کھپت اور بلوں کی ادائیگی کی صورتحال کو الگ الگ مدنظر رکھتے ہوئے لوڈ مینجمنٹ ممکن ہوسکے گی، جس سے بل ادا کرنے والے صارفین کو نسبتاً زیادہ ریلیف ملنے کی توقع ہے۔
فیصل کریم کنڈی کا طویل لوڈشیڈنگ کا معاملہ وفاق کے سامنے اٹھانے کا فیصلہ
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اجلاس میں صوبے کے مختلف علاقوں میں طویل لوڈشیڈنگ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی حکومت پر زور دیا کہ بجلی کے نقصانات زیادہ ہونے والے علاقوں میں بھی عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
یہ بھی پڑھیں :دہشت گردوں اور سہولت کاروں کے خلاف کارروائی ہوگی، سہیل آفریدی محفوظ ہاتھوں میں ہیں،گورنر خیبرپختونخوا
انہوں نے کہا کہ بجلی کی طویل بندش سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، اس لیے ضروری ہے کہ بجلی کے بل باقاعدگی سے ادا کرنے والے صارفین کو دوسروں کی بجلی چوری یا عدم ادائیگی کی سزا نہ بھگتنا پڑے۔
وفاق اور صوبائی قیادت کا مشترکہ اقدامات پر اتفاق
اجلاس میں وفاقی حکومت اور صوبائی قیادت نے خیبرپختونخوا کے توانائی مسائل کے حل اور عوام کو فوری ریلیف فراہم کرنے کے لیے مشترکہ اقدامات پر اتفاق کیا۔
وفاقی وزیر توانائی اویس احمد لغاری نے یقین دہانی کرائی کہ صوبے میں بجلی کی فراہمی بہتر بنانے، لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم کرنے اور بجلی کے بل ادا کرنے والے صارفین کو سہولت دینے کے لیے نئے نظام پر پیش رفت کی جائے گی۔
مجوزہ ٹرانسفارمر بیسڈ لوڈ مینجمنٹ سسٹم کو خیبرپختونخوا میں بجلی کی تقسیم کے موجودہ طریقہ کار میں اہم تبدیلی قرار دیا جارہا ہے، جس سے ان صارفین کو ریلیف ملنے کی توقع ہے جو باقاعدگی سے اپنے بل ادا کرتے ہیں لیکن اجتماعی لوڈشیڈنگ کے باعث مشکلات کا سامنا کرتے ہیں۔
