کینیڈا اور امریکا کے درمیان تجارتی مذاکرات میں دوبارہ تیزی، ڈومینک لی بلانک کی امریکی حکام سے ہفتہ وار رابطوں کی تصدیق

اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)کینیڈا اور امریکا کے درمیان تجارتی معاہدے کے لیے مذاکرات ایک بار پھر تیز ہونے لگے ہیں، وزیراعظم مارک کارنی کے خصوصی نمائندے اور وزیر تجارت ڈومینک لی بلانک نے امریکی حکام کے ساتھ باقاعدہ ہفتہ وار رابطے شروع کردیے ہیں۔

تین سینئر حکومتی عہدیداروں کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اختلافات دور کرنے کے لیے فون اور ویڈیو کالز کے ذریعے مسلسل بات چیت جاری ہے۔

حکومتی ذرائع کے مطابق ڈومینک لی بلانک نے رواں ماہ مذاکرات کی بحالی کے بعد تاحال واشنگٹن کا دورہ نہیں کیا اور نہ ہی امریکی تجارتی نمائندے جیمیسن گریر یا امریکی وزیر تجارت ہاورڈ لٹنک سے بالمشافہ ملاقات کی ہے، تاہم ان کے ساتھ باقاعدگی سے رابطے کیے جا رہے ہیں۔ کینیڈا کی چیف ٹریڈ مذاکرات کار جینس چیئرٹ بھی عموماً ان رابطوں میں شریک ہوتی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ فی الحال دونوں ممالک کے درمیان کسی باضابطہ تجارتی معاہدے کا مسودہ زیر غور نہیں، تاہم فریقین تجارتی تنازعات اور اختلافات ختم کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں تاکہ مستقبل میں کسی جامع معاہدے کی راہ ہموار ہوسکے۔ گاڑیوں اور اسٹیل کی درآمدات پر امریکی محصولات مذاکرات میں بدستور بڑے تنازعات ہیں۔

واشنگٹن میں مذاکرات کے لیے فوری دورے کا کوئی منصوبہ نہیں

ڈومینک لی بلانک کے فی الحال واشنگٹن جانے کا کوئی منصوبہ نہیں، حالانکہ رواں سال موسم گرما میں وہ اور جینس چیئرٹ کئی ہفتے واشنگٹن میں کینیڈین سفارت خانے سے کام کرتے رہے تھے اور امریکی تجارتی نمائندے کے دفتر میں مسلسل ملاقاتیں بھی کرتے رہے۔ تاہم اس وقت بھی کوئی معاہدہ طے نہیں پاسکا تھا، جس کے بعد امریکا نے کینیڈین مصنوعات پر مزید محصولات عائد کردیے تھے اور کینیڈا نے جوابی اقدامات کیے تھے۔

یہ بھی پڑھیں :کینیڈا کی بحریہ میں چھٹا اور آخری آرکٹک گشتی جہاز ایچ ایم سی ایس رابرٹ ہیمپٹن گرے شامل

یکم نومبر کو وزیراعظم مارک کارنی نے سوشل میڈیا پر اعلان کیا تھا کہ دونوں ممالک کی ٹیمیں تجارتی معاہدے کے لیے دوبارہ کام شروع کریں گی۔ اس موقع پر ڈومینک لی بلانک نے پارلیمانی کمیٹی کو بتایا کہ تجارتی غیر یقینی صورتحال نے کینیڈین کاروباری اداروں، کارکنوں، مقامی آبادیوں اور متاثرہ خاندانوں کے لیے حقیقی مشکلات پیدا کی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کینیڈا ایسا معاہدہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے جو سب سے پہلے کینیڈا کے مفادات کے مطابق ہو، تاہم اس سے امریکا اور میکسیکو کے مفادات کو بھی فائدہ پہنچ سکے۔

امریکی کانگریس میں ڈیموکریٹس کی کامیابی سے نئی امیدیں

امریکی وسط مدتی انتخابات میں ڈیموکریٹس کی کامیابی کے بعد کینیڈا اور امریکا کے تجارتی تعلقات میں نئی سیاسی صورتحال پیدا ہوئی ہے۔ ڈیموکریٹ ارکان کانگریس نے اقتدار سنبھالنے کے بعد کینیڈین مصنوعات پر ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے عائد کردہ محصولات ختم کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

تاہم قانون سازی کے ذریعے صدارتی ویٹو کو روکنے کے لیے کانگریس کے دونوں ایوانوں میں دو تہائی اکثریت درکار ہوگی، جو ڈیموکریٹس کے پاس موجود نہیں۔ دوسری جانب کینیڈا کی حکومت نے واضح کیا ہے کہ امریکی کانگریس میں سیاسی تبدیلی کے باوجود تجارتی معاہدے کے حصول کے لیے اس کی حکمت عملی تبدیل نہیں ہوگی۔

کینیڈا اور امریکا کے اقتصادی تعلقات سے متعلق وفاقی حکومت کی مشاورتی کمیٹی بھی ورچوئل اجلاس میں واشنگٹن کی تازہ صورتحال اور امریکی محصولات سے متاثرہ صنعتوں کے لیے مالی معاونت پر تبادلہ خیال کرے گی۔ وسط مدتی انتخابات کے بعد یہ کمیٹی کا پہلا اجلاس ہوگا۔

کینیڈا کا ہدف کم سے کم محصولات اور زیادہ سے زیادہ تجارتی سہولتیں

کینیڈا کی چیف ٹریڈ مذاکرات کار جینس چیئرٹ نے پارلیمانی کمیٹی میں واضح کیا ہے کہ حکومت کی کوشش ہے کہ امریکا کے ساتھ تجارت کو زیادہ سے زیادہ محصولات سے پاک بنایا جائے، تاہم موجودہ حالات میں مکمل طور پر محصولات کے خاتمے کی ضمانت نہیں دی جاسکتی۔

کنزرویٹو پارٹی کے کینیڈا امریکا تجارتی امور کے ناقد شوالائے مجمدار کے سوال کے جواب میں چیئرٹ نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ کم سے کم اشیا پر کم سے کم شرح کے محصولات عائد ہوں اور کینیڈین کاروباری اداروں اور کارکنوں کو زیادہ سے زیادہ ترجیحی تجارتی سہولتیں حاصل ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات کی میز پر امریکا بھی ایک فریق ہے اور اب تک اس نے ایسے کسی انتظام میں دلچسپی ظاہر نہیں کی جس کے تحت تمام تجارتی محصولات مکمل طور پر ختم کردیے جائیں۔

اس صورتحال میں کینیڈا کی حکومت کے لیے اصل چیلنج یہ ہے کہ امریکی محصولات کے اثرات کم کرتے ہوئے اپنی صنعتوں، کاروباری اداروں اور ملازمتوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔

ہمیں فالو کریں

[uw_related_posts]