اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)کینیڈا اور یورپی یونین کے درمیان اس ہفتے ہونے والے سربراہی اجلاس کے موقع پر جاری کیے جانے والے متوقع مشترکہ اعلامیے کے مسودے سے ’ایسوسی ایٹ رکنیت‘ (Associate Membership) کی اصطلاح نکال دی گئی ہے۔ کینیڈین نشریاتی ادارے کے مطابق اعلامیے میں اب یورپی یونین کے 27 رکن ممالک اور کینیڈا کے درمیان قریبی تعلقات کے فروغ کے لیے نسبتاً نرم الفاظ استعمال کیے جانے کی توقع ہے، تاہم یورپی یونین کے انتظامی ادارے کی سربراہ نے مونٹریال پہنچنے کے بعد سوشل میڈیا پر ایک بار پھر کینیڈا کو ایسوسی ایٹ رکن بنانے کی اصطلاح استعمال کی۔
یورپی کمیشن کی صدر ارسولا وان ڈیر لیین نے گزشتہ ماہ اس وقت کئی حلقوں کو حیران کر دیا تھا جب انہوں نے اعلان کیا کہ یورپی یونین کینیڈا کو اپنا پہلا ایسوسی ایٹ رکن بنانے کا عمل شروع کرے گی۔ تاہم، یورپی یونین کے موجودہ نظام میں اس نوعیت کی رکنیت کی کوئی باقاعدہ حیثیت موجود نہیں، جس کے باعث یورپی یونین کے بعض رکن ممالک اور کینیڈین سیاست دانوں نے اس تجویز کی نوعیت اور عملی شکل کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کیا تھا۔
مشترکہ اعلامیے کے نئے مسودے میں اب ’ایسوسی ایٹ رکنیت‘ کے بجائے ’مزید قریبی وابستگی‘ (Ever Closer Association) کی اصطلاح شامل کی گئی ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ کینیڈا اور یورپی یونین کے تعلقات کو مزید گہرا کیا جائے گا اور مستقبل کے لیے اس اتحاد کو ایک زیادہ فعال خارجہ اور سکیورٹی پالیسی شراکت داری کی بنیاد پر آگے بڑھایا جائے گا۔
کینیڈین وزیراعظم مارک کارنی بھی اس تعلق کو ’مستقبل کا اتحاد‘ قرار دے چکے ہیں۔کینیڈین نشریاتی ادارے سے گفتگو کرنے والے ایک ذریعے نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ مشترکہ اعلامیے کو یورپی یونین کے رکن ممالک نے حتمی شکل دے دی ہے، تاہم کینیڈا اب بھی اس میں تبدیلیوں کی درخواست کر سکتا ہے۔
ایک دوسرے ذریعے کے مطابق یورپی یونین کے بعض ممالک نے ’ایسوسی ایٹ رکن‘ کی اصطلاح کی مخالفت کی، جن میں جرمنی نمایاں تھا۔ جرمنی نے اس اصطلاح کو ناقابلِ قبول قرار دیتے ہوئے اسے اپنی واضح سرخ لکیر قرار دیا۔
اس سے قبل یورپی خبر رساں ادارے پولیٹیکو نے بھی رپورٹ کیا تھا کہ یورپی یونین کینیڈا کو ایسوسی ایٹ رکنیت دینے کی تجویز سے متعلق اصطلاح کو مشترکہ اعلامیے سے نکالنے کی تیاری کر رہی ہے۔
مارک کارنی: نام سے زیادہ اہم معاہدے کے نتائج ہیں
کینیڈین وزیراعظم مارک کارنی نے منگل کو کابینہ کے اجلاس سے قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین کے ساتھ کینیڈا کے تعلقات کو کیا نام دیا جاتا ہے، اس سے زیادہ اہم بات یہ ہے کہ اس شراکت داری سے کینیڈین عوام کو کیا فائدہ پہنچتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خوش آئند بات یہ ہے کہ تعلقات کے لیے مخصوص نام یا اصطلاحات کوئی خاص اہمیت نہیں رکھتیں۔ اصل اہمیت اس تبدیلی کی ہے جو اس معاہدے سے کینیڈین شہریوں کی زندگیوں میں آئے گی۔
یہ بھی پڑھیں ؍کینیڈا کا یورپی یونین کے Erasmus+ پروگرام میں شامل ہونے کا ارادہ، مارک کارنی کا بڑا اعلان
مارک کارنی کے مطابق اس شراکت داری کا بنیادی مقصد کینیڈا کو مجموعی طور پر زیادہ خودمختار اور آزاد ملک بنانا ہے، تاکہ کینیڈین عوام اپنی زندگیوں کے فیصلے اپنی مرضی کے مطابق کر سکیں۔
ان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مونٹریال میں یورپی یونین اور کینیڈا کا دو روزہ سربراہی اجلاس ہونے جا رہا ہے۔
ارسولا وان ڈیر لیین کا ایسوسی ایٹ رکنیت پر اصرار
سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے مونٹریال پہنچنے کے بعد یورپی کمیشن کی صدر ارسولا وان ڈیر لیین نے سوشل میڈیا پر ایک پیغام جاری کیا، جس میں انہوں نے کینیڈا کو یورپی یونین کا ایسوسی ایٹ رکن بنانے کی خواہش کا دوبارہ اظہار کیا۔
انہوں نے لکھا کہ بحرِ اوقیانوس یورپ اور کینیڈا کے درمیان واقع ہے، لیکن اس کے باوجود دونوں پہلے سے کہیں زیادہ قریب محسوس کرتے ہیں۔
ان کے مطابق یورپی یونین کا نیا مقصد کینیڈا کو پہلے سے کہیں زیادہ اپنے قریب لانا ہے، جس کے لیے اسے یورپی یونین کا ایسوسی ایٹ رکن بنانے کی خواہش رکھتی ہے۔
ارسلولا وان ڈیر لیین نے مونٹریال کو مخاطب کرتے ہوئے مزید کہا کہ دونوں فریق اپنی مشترکہ تاریخ کا ایک نیا باب لکھنے جا رہے ہیں۔
ان کے بیان اور مشترکہ اعلامیے کے مسودے میں استعمال ہونے والی اصطلاحات کے درمیان فرق اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ کینیڈا اور یورپی یونین کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کے باوجود اس شراکت داری کی باضابطہ حیثیت کے حوالے سے اب بھی اختلافات موجود ہیں۔
امریکا پر معاشی انحصار کم کرنے کی کوشش
کینیڈا اور یورپی یونین کا یہ سربراہی اجلاس ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب کینیڈین حکومت تجارت، سرمایہ کاری اور اسٹریٹجک شراکت داریوں کو وسعت دینا چاہتی ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی غیر متوقع اور غیر مستحکم پالیسیوں کے تناظر میں کینیڈا امریکا پر اپنے معاشی انحصار کو کم کرنے اور یورپی ممالک کے ساتھ تعلقات کو زیادہ مضبوط بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔
سی بی سی نیوز کے مطابق مشترکہ اعلامیے کے مسودے میں دونوں فریقوں نے تجارت کے لیے ایک قابلِ پیش گوئی ماحول کو مضبوط بنانے، آرکٹک کے خطے میں تعاون بڑھانے، بیرونی عناصر کی جانب سے معلومات میں ردوبدل اور مداخلت کا مقابلہ کرنے اور یوکرین کی مسلسل حمایت کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
اعلامیے میں توانائی کے تحفظ کے شعبے میں تعاون بڑھانے، اہم معدنیات کی فراہمی کے سلسلوں کو مضبوط بنانے اور مصنوعی ذہانت کی سکیورٹی اور محفوظ استعمال کے حوالے سے باہمی تعاون کو آگے بڑھانے کے وعدے بھی شامل ہیں۔
ان اقدامات کا مقصد دونوں فریقوں کے درمیان اقتصادی اور اسٹریٹجک روابط کو وسعت دینا اور عالمی سطح پر مشترکہ مفادات کے تحفظ کے لیے تعاون کو مزید مؤثر بنانا ہے۔
مارک کارنی کی کاروباری رہنماؤں سے ملاقات
سربراہی اجلاس کے موقع پر کینیڈین وزیراعظم مارک کارنی جمعرات کو کاروباری شعبے کے رہنماؤں کے ساتھ ایک گول میز اجلاس کی میزبانی بھی کریں گے۔
اس کے بعد وہ یورپی کمیشن کی صدر ارسولا وان ڈیر لیین اور یورپی کونسل کے صدر انتونیو کوسٹا کے اعزاز میں عشائیے کا اہتمام کریں گے۔
اجلاس میں تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، اہم معدنیات، آرکٹک کے خطے میں تعاون اور سکیورٹی جیسے معاملات پر توجہ دی جائے گی، جبکہ دونوں فریقوں کے درمیان مستقبل کی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات بھی زیرِ بحث آئیں گے۔
