کینیڈا کے فوجی اڈے پر آتشزدگی کے واقعے کی تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا،27 اہلکار اب بھی زیر علاج

اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)کینیڈا کے صوبے البرٹا میں کینیڈین فورسز بیس وین رائٹ (CFB Wainwright) میں ہونے والی ہلاکت خیز آتشزدگی کے واقعے کی تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔ فوجی حکام کے مطابق واقعے میں چار فوجی اہلکار ہلاک ہوئے جبکہ 27 اہلکار اب بھی اسپتال میں زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 13 کی حالت تشویش ناک ہے۔

کینیڈا کی مسلح افواج کی سربراہ جنرل جینی کیریگنن سمیت اعلیٰ فوجی حکام نے جمعرات کو پریس کانفرنس میں واقعے سے متعلق تازہ تفصیلات فراہم کیں۔ حکام کے مطابق آگ ہفتے کے روز ایک فوجی تربیتی مشق کے دوران لگی اور ابتدائی طور پر اسے فوجی اڈے کے گرینیڈ لانچر فائرنگ رینج میں رپورٹ کیا گیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ علاقہ مستقل خطرے والا زون ہے، جہاں فوجی اڈے کے فائر فائٹرز کے لیے داخل ہونا ممکن نہیں تھا۔ تیز ہواؤں کے باعث آگ نے تیزی سے پھیل کر اڈے کے دوسرے حصوں میں تربیت حاصل کرنے والے اہلکاروں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

واقعے کی تحقیقات کے لیے تین الگ الگ کارروائیاں جاری ہیں، جن میں ملٹری پولیس، چیف میڈیکل ایگزامینر کے دفتر اور ایک فوجی تحقیقاتی بورڈ کی تحقیقات شامل ہیں۔ تحقیقاتی بورڈ اس بات کا جائزہ لے گا کہ تربیتی پالیسیوں پر مناسب عمل کیا گیا یا نہیں، اور تیز ہواؤں کے باوجود گھاس میں لگنے والی آگ کو خطرہ کیوں نہیں سمجھا گیا۔

یہ بھی پڑھیں :کینیڈا کے فوجی اڈے پر خوفناک آتشزدگی، 4 فوجی ہلاک، 39 زخمی، متعدد کی حالت تشویشناک

میجر جنرل رٹ لینڈ نے کہا کہ تحقیقات کے دائرہ کار کا ابتدائی اندازہ درست ثابت نہیں ہوا اور اب تحقیقات مکمل ہونے میں جتنا وقت درکار ہوگا، اتنا وقت لیا جائے گا۔ جنرل جینی کیریگنن نے بیہ ھی تحقیقات کے نتائج عوام کے سامنے لانے کا وعدہ کیا ہے۔

دوسری جانب البرٹا کے اسپتالوں میں زیرِ علاج زخمی اہلکاروں کی مدد کے لیے اونٹاریو سے جلنے کے زخموں کے علاج کے ماہر طبی عملے کو بھی بلایا گیا ہے، کیونکہ مقامی اسپتالوں میں شدید جھلسنے والے مریضوں کے علاج کی صلاحیت محدود ہے۔

ادھر صوبے سسکیچیوان کے شہر پرنس البرٹ میں ہلاک ہونے والے فوجی اہلکار شان فیرل کے والدین نے پریس کانفرنس میں اپنے بیٹے کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے بیٹے کے کھو جانے سے ٹوٹ چکے ہیں، تاہم انہیں اس بات پر فخر ہے کہ وہ مسلح افواج میں شمولیت کے اپنے خواب کو پورا کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ انہوں نے بیٹے کی موت کے بعد ملنے والی حمایت پر بھی لوگوں کا شکریہ ادا کیا۔

ہمیں فالو کریں

[uw_related_posts]