اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)کینیڈا کی ٹرانسپورٹ اور ٹرکنگ انڈسٹری گزشتہ دو دہائیوں کے دوران بڑی تبدیلیوں سے گزری ہے، جہاں حکومتی ضابطوں میں نرمی، کاروباری مقابلے میں شدت اور نگرانی کے کمزور نظام نے ٹرکنگ کے شعبے میں نئے مسائل پیدا کردیے ہیں۔ حالیہ سرکاری آڈٹ، سڑکوں پر معائنوں اور پولیس تحقیقات میں ٹرکوں کی دیکھ بھال، ڈرائیوروں کی تربیت اور کمرشل ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا میں سنگین خامیوں کی نشاندہی ہوئی ہے۔
صنعتی ماہرین کے مطابق کینیڈا کی ٹرکنگ انڈسٹری اب دو مختلف حصوں میں تقسیم ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔ ایک جانب ایسی کمپنیاں ہیں جو ڈرائیوروں کی مناسب تربیت، گاڑیوں کی دیکھ بھال اور حفاظتی اقدامات پر سرمایہ خرچ کرتی ہیں، جبکہ دوسری جانب ایسی کمپنیوں کی تعداد بڑھ رہی ہے جو اخراجات کم کرکے مارکیٹ میں مقابلے کی برتری حاصل کرنے کے لیے حفاظتی اور قانونی تقاضوں کو نظرانداز کرتی ہیں۔
اس صورت حال نے نہ صرف ٹرک ڈرائیوروں کے روزگار، تنخواہوں اور کام کے حالات کو متاثر کیا ہے بلکہ عام شہریوں کے لیے بھی سڑکوں پر سفر کے تحفظ سے متعلق خدشات بڑھا دیے ہیں۔
برفانی طوفان میں ٹرک ڈرائیور کی مدد آج بھی یاد ہے
کینیڈا کی ٹرکنگ انڈسٹری میں آنے والی تبدیلیوں کی ایک مثال کیٹ شنگلر کا 2005 کا واقعہ ہے، جب وہ نیو برنزوک کے وسطی علاقے میں واقع ایک دور افتادہ شاہراہ پر شدید برف باری اور پھسلن کے دوران سفر کررہی تھیں۔
کیٹ ٹویوٹا ٹرسل گاڑی چلا رہی تھیں، تاہم سڑک کی انتہائی خراب صورت حال کے باعث انہیں گاڑی روکنا پڑی۔ شدید برف باری، پھسلن اور موبائل فون سگنلز نہ ہونے کی وجہ سے ان کے لیے سفر جاری رکھنا مشکل ہوگیا تھا۔
اسی دوران ایک ٹرک ڈرائیور نے ان کی مدد کی۔ اس نے انہیں اپنے ٹرک میں جگہ دی، ریڈیو استعمال کرنے کی سہولت فراہم کی اور احتیاط کے ساتھ انہیں شاہراہ پر آگے لے گیا، جہاں ان کے بوائے فرینڈ، جو اب ان کے شوہر ہیں، انہیں لینے پہنچ گئے۔
کیٹ شنگلر نے اس واقعے کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک انتہائی خراب طوفان میں محفوظ پناہ گاہ جیسا تجربہ تھا۔ ان کے مطابق اس ٹرک ڈرائیور نے انہیں محفوظ ہونے کا احساس دلایا اور اس واقعے کے بعد ان کے ذہن میں ٹرک ڈرائیوروں کا تاثر سڑکوں پر سب سے زیادہ ذمہ دار ڈرائیوروں کے طور پر قائم ہوگیاتاہم دو دہائیوں بعد ٹرکنگ انڈسٹری کی صورت حال میں نمایاں تبدیلی آچکی ہے۔
ڈی ریگولیشن نے ٹرکنگ انڈسٹری کا نقشہ بدل دیا
کینیڈا میں ٹرکنگ انڈسٹری کی موجودہ صورت حال کو سمجھنے کے لیے 1980 کی دہائی کی پالیسی تبدیلیوں کو اہم قرار دیا جارہا ہے۔
اس دور میں امریکا نے ٹرانسپورٹ کے شعبے میں حکومتی پابندیاں کم کرکے کاروباری مقابلہ بڑھانے اور مال برداری کے اخراجات کم کرنے کی پالیسی اختیار کی تھی۔ کینیڈا نے بھی 1987 میں اسی طرز کی اصلاحات متعارف کرائیں۔
ان تبدیلیوں کے تحت ٹرکنگ کمپنی قائم کرنے، مختلف علاقوں میں سامان کی ترسیل اور بعض صورتوں میں مال برداری کے نرخ مقرر کرنے سے متعلق پابندیاں نرم کردی گئیں۔
ٹیمسٹرز کینیڈا کے ڈائریکٹر پبلک افیئرز کرسٹوفر مونیٹ کے مطابق ان اصلاحات کے نتیجے میں ایسا ماحول پیدا ہوگیا جہاں تقریباً ہر شخص ٹرک خرید کر ٹرانسپورٹ کمپنی قائم کرسکتا تھا۔
ان کا کہنا ہے کہ اس سے مارکیٹ میں غیر معمولی مقابلہ پیدا ہوا، ٹرکنگ کمپنیوں کی تعداد اور مال برداری کی گنجائش میں اضافہ ہوا اور سامان بھیجنے والے اداروں سے وصول کیے جانے والے کرایوں میں نمایاں کمی آگئی۔
یہ بھی پڑھیں :کینیڈا میں اسٹیل انڈسٹری کے ہزاروں ملازمین بے روزگار،ملازمتیں نصف رہ گئیں
اس مقابلے میں وہ پرانی اور مستحکم کمپنیاں بتدریج کاروبار سے باہر ہوتی چلی گئیں جو اپنے ملازمین کو بہتر تنخواہیں دیتی تھیں اور ڈرائیوروں کی تربیت، گاڑیوں کی مرمت اور حفاظتی انتظامات پر سرمایہ خرچ کرتی تھیں۔
کرسٹوفر مونیٹ کے مطابق انہی کمپنیوں نے ماضی میں ٹرک ڈرائیوروں کا ایسا مثبت تشخص قائم کیا تھا کہ انہیں شاہراہوں کے محافظ اور پیشہ ور ڈرائیور سمجھا جاتا تھا، جو برفانی طوفان میں بھی دوسرے مسافروں کی مدد کے لیے رک جاتے تھے۔
ان کمپنیوں کے کمزور ہونے کے ساتھ تنخواہوں میں جمود آیا اور ڈرائیوروں کے کام کرنے کے حالات بھی خراب ہوتے چلے گئے۔
تجربہ کار ڈرائیور بھی انڈسٹری کی تبدیلی سے پریشان
ٹرکنگ انڈسٹری میں آنے والی تبدیلیوں کا مشاہدہ کرنے والوں میں برائن سلیڈ بھی شامل ہیں، جنہوں نے 1976 میں اس شعبے میں کام شروع کیا تھا۔
انہوں نے اپنے والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ٹرانسپورٹ کے شعبے میں قدم رکھا، جو اس وقت کے معروف کینیڈین ڈپارٹمنٹل اسٹور سمپسنز میں ڈیلیوری ڈرائیور تھے۔
برائن سلیڈ کے مطابق انہیں براہ راست بھاری ٹرک چلانے کی اجازت نہیں دی گئی تھی بلکہ کئی سال تک مختلف مراحل سے گزرنا پڑا۔ ابتدا میں وہ گودام میں سامان لوڈ اور ان لوڈ کرتے رہے، اس کے بعد ٹرکوں کو یارڈ میں ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کرنے کی ذمہ داری سنبھالی اور پھر شہر کے اندر چھوٹے ٹرک چلائے۔کئی سال کی تربیت اور تجربے کے بعد انہیں شاہراہوں پر بڑے ٹرک چلانے کی اجازت ملی۔
ان کے مطابق اس وقت کمپنیوں کی کوشش ہوتی تھی کہ ڈرائیور کو اس وقت تک مکمل اختیار نہ دیا جائے جب تک انتظامیہ مطمئن نہ ہوجائے کہ وہ محفوظ اور ذمہ دارانہ انداز میں گاڑی چلا سکتا ہے۔
برائن سلیڈ 2020 میں ریٹائر ہوئے تو ان کے بقول ٹرکنگ انڈسٹری پہلے جیسی نہیں رہی تھی۔ نئے ڈرائیوروں کی تربیت میں کمی، ٹرکوں کی ناقص دیکھ بھال اور سڑکوں پر غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ کے واقعات میں اضافہ ہوچکا تھا۔انہوں نے کہا کہ اب ٹرک چلانے کا تجربہ پہلے جیسا خوشگوار نہیں رہا۔
غیر ملکی عارضی کارکنوں پر انحصار میں پانچ گنا سے زیادہ اضافہ
ٹرکنگ انڈسٹری میں تنخواہوں کے جمود، طویل اوقات کار اور کئی کئی ہفتوں تک گھر سے دور رہنے کی مجبوری نے نوجوانوں کے لیے اس شعبے کی کشش کم کردی ہے۔
صنعتی نمائندوں کے مطابق اسی وجہ سے ٹرانسپورٹ کمپنیاں ڈرائیوروں کی کمی پوری کرنے کے لیے عارضی غیر ملکی کارکنوں کی خدمات زیادہ حاصل کررہی ہیں۔
اعدادوشمار کے مطابق کینیڈا کے عارضی غیر ملکی کارکن پروگرام کے تحت ٹرک ڈرائیوروں کی ملازمتوں کے لیے منظور شدہ درخواستوں کی تعداد 2018 میں 1,584 تھی، جو 2024 میں پانچ گنا سے زیادہ بڑھ کر 8,101 ہوگئی۔ تاہم 2025 میں اس تعداد میں کمی ریکارڈ کی گئی۔
مزدوروں کے حقوق کے لیے کام کرنے والے حلقوں کا کہنا ہے کہ بعض ٹرکنگ کمپنیاں نئے تارکین وطن اور عارضی غیر ملکی کارکنوں کو ترجیح دیتی ہیں، کیونکہ یہ افراد کم تنخواہوں اور نامناسب کام کے حالات قبول کرنے پر مجبور ہوسکتے ہیں۔
ٹیمسٹرز کینیڈا کے کرسٹوفر مونیٹ کے مطابق نئے آنے والے تارکین وطن کو بعض اوقات اس خوف کا سامنا ہوتا ہے کہ اگر انہوں نے ملازمت کے حالات یا حفاظتی مسائل پر آواز اٹھائی تو ان کی ملازمت اور مستقبل متاثر ہوسکتا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ ایسے کارکنوں کو یونین سے رجوع کرنے یا لیبر بورڈ میں شکایت درج کرانے سے بھی روکا جاسکتا ہے۔
ڈرائیور انک ماڈل کے تحت ملازمین کو ٹھیکیدار ظاہر کرنے کا معاملہ
ٹرکنگ انڈسٹری میں ایک اور اہم مسئلہ ڈرائیور انک (Driver Inc.) کے نام سے معروف کاروباری ماڈل ہے۔اس نظام کے تحت بعض کمپنیاں اپنے ڈرائیوروں کو باقاعدہ ملازمین کے بجائے آزاد ٹھیکیدار ظاہر کرتی ہیں، جس سے کمپنیوں کو پے رول ٹیکس، آجر کی جانب سے لازمی مالی شراکت اور ملازمین کو فراہم کیے جانے والے بعض فوائد کی ذمہ داریوں سے بچنے کا موقع ملتا ہے۔
قانونی طور پر آزاد ٹھیکیدار رکھنا جائز ہے، تاہم کسی ایسے شخص کو جو حقیقت میں ملازم ہو، صرف قانونی ذمہ داریوں سے بچنے کے لیے ٹھیکیدار ظاہر کرنا وفاقی لیبر قوانین کے خلاف ہے۔
کرسٹوفر مونیٹ کے مطابق اس طریقہ کار سے بعض کمپنیاں قانون کی پابندی کرنے والی کمپنیوں کے مقابلے میں اپنے افرادی قوت کے اخراجات 20 سے 30 فیصد تک کم کرسکتی ہیں۔
ان کے بقول اس نظام سے بالخصوص نئے تارکین وطن متاثر ہوتے ہیں، جنہیں ملازمت کے تحفظ، مناسب معاوضے اور قانونی حقوق کے حصول میں مشکلات پیش آسکتی ہیں۔
ٹرک ڈرائیوروں کی تربیت کے نظام میں بھی سنگین خامیاں سامنے آگئیں
کینیڈا کی ٹرکنگ انڈسٹری میں تربیت اور نگرانی کا نظام بھی حکومتی جانچ پڑتال کی زد میں ہے۔اونٹاریو کے آڈیٹر جنرل کی مئی میں جاری کردہ رپورٹ میں بعض نجی تعلیمی اداروں میں ٹرک ڈرائیوروں کو فراہم کی جانے والی تربیت میں سنگین خامیوں کی نشاندہی کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق آڈیٹر جنرل کے دفتر نے خفیہ طور پر طلبہ کو چھ ٹرک ڈرائیونگ ٹریننگ اسکولوں میں بھیجا۔ ان میں سے دو اداروں میں تربیت کا دورانیہ مقررہ معیار سے بہت کم پایا گیا۔
ایک ادارے میں صرف 59.5 گھنٹے جبکہ دوسرے میں 81 گھنٹے کی تربیت فراہم کی گئی، حالانکہ مقررہ کم از کم دورانیہ 103.5 گھنٹے تھا۔
تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا کہ دو طلبہ کو ڈرائیونگ کی بنیادی مہارتیں بھی نہیں سکھائی گئیں، جن میں بڑے چوراہوں پر بائیں جانب مڑنا، گاڑی کو ریورس کرکے پارک کرنا اور ہنگامی صورت حال میں گاڑی روکنا شامل تھا۔
جعلی ڈرائیونگ امتحانات پر 8 افراد کے خلاف 24 فوجداری الزامات
ٹرک ڈرائیوروں کے لائسنسنگ نظام میں بے ضابطگیوں کا معاملہ بھی پولیس تحقیقات میں سامنے آیا ہے۔جنوری میں اونٹاریو پولیس کی تحقیقات کے بعد آٹھ افراد کے خلاف 24 فوجداری الزامات عائد کیے گئے تھے۔ یہ تحقیقات کنگسٹن اور ٹورنٹو کے علاقوں میں کمرشل ڈرائیونگ امتحانات میں مبینہ جعل سازی سے متعلق تھیں۔
پولیس کے مطابق الزام تھا کہ ڈرائیونگ ٹیسٹ کے دوران سازگار نتائج حاصل کرنے کے لیے رشوت کا تبادلہ کیا گیا۔پروفیشنل ٹرک ٹریننگ الائنس آف کینیڈا کے سینئر مشیر کم رچرڈسن کا کہنا ہے کہ مسئلہ صرف تربیتی معیار کی کمی نہیں بلکہ موجودہ قواعد پر عمل درآمد یقینی بنانے میں ناکامی بھی ہے۔
ان کے مطابق اصل ضرورت نگرانی، ضابطوں کی پابندی اور مؤثر قانونی کارروائی کی ہے۔ بعض خلاف ورزیوں پر عائد جرمانے اتنے کم ہیں کہ کمپنیاں انہیں کاروباری اخراجات کا حصہ سمجھ کر دوبارہ وہی خلاف ورزیاں کرتی رہتی ہیں۔
ٹرکنگ انڈسٹری میں دو مختلف نظام بننے کا خدشہ
کینیڈین ٹرکنگ الائنس کے ڈائریکٹر پالیسی اینڈ پبلک افیئرز جوناتھن بلیکہم کے مطابق انڈسٹری میں دو الگ نوعیت کے کاروباری نظام ابھر رہے ہیں۔
ایک نظام میں کمپنیاں اپنے ڈرائیوروں، تربیت اور گاڑیوں کی حفاظت پر سرمایہ کاری کررہی ہیں، جبکہ دوسرے نظام میں مزدوروں کے حقوق، ٹیکس قوانین، تربیت اور حفاظتی تقاضوں کو کم اہمیت دی جارہی ہے۔
ان کے مطابق اس صورت حال میں بعض ڈرائیوروں کو مناسب تربیت اور کمپنی کی معاونت سے محروم رہنا پڑتا ہے، انہیں کام کے اوقات کا معاوضہ نہیں ملتا اور بعض اوقات غیر محفوظ حالات میں گاڑی چلانے کے لیے دباؤ بھی ڈالا جاتا ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ شدید برف باری اور خراب موسمی حالات میں کسی غیر تربیت یافتہ شخص کو صرف ٹرک کی چابیاں تھما کر شاہراہ پر روانہ نہیں کیا جاسکتا۔
کینیڈا کی ٹرکنگ انڈسٹری میں سامنے آنے والی یہ تبدیلیاں اب صرف کاروباری مسابقت یا ملازمین کے حقوق کا معاملہ نہیں رہیں بلکہ عوامی تحفظ، شاہراہوں پر حادثات کی روک تھام اور ڈرائیونگ لائسنس کے نظام کی ساکھ کے لیے بھی ایک اہم چیلنج بن چکی ہیں۔
