جسٹس شجاعت علی خان نے سابق وزیراعظم اور سابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی 5 سال کے لیے نااہلی کے خلاف درخواست پر چیمبر میں سماعت کی جس میں بیرسٹر علی ظفر اور بیرسٹر سمیر کھوسہ پیش ہوئے۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شجاعت علی خان نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست 5 رکنی لارجر بینچ کو بھجوا دی۔
عمران خان کی جانب سے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے انہیں 8 اگست 2023 کو 5 سال کے لیے نااہل قرار دیا، الیکشن کمیشن نے درخواست گزار کو الیکشن سے نااہل کرنے کے لیے جلد بازی میں غیر قانونی اقدام کیا۔ الیکشن کی تاریخ کا اعلان سپریم کورٹ کے حکم پر کیا گیا ہے۔ درخواست گزار پر لگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں۔
استدعا کی گئی ہے کہ عدالت الیکشن کمیشن کی 5 سالہ نااہلی کو کالعدم قرار دے اور درخواست کے حتمی فیصلے تک نااہلی کا نوٹیفکیشن معطل کیا جائے۔ادھر جسٹس شجاعت علی خان نے پی ٹی آئی کی جانب سے انٹرا پارٹی الیکشن دوبارہ کرانے کے حکم کے خلاف درخواست کی سماعت چیمبر میں کی۔ درخواست گزار کی جانب سے بیرسٹر علی ظفر پیش ہوئے، عدالت نے درخواست کو 5 رکنی لارجر بینچ کو بھجوا دیا۔
138