اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) برطانوی دارالحکومت لندن میں امریکی سفارتخانے کے باہر اسرائیلی مظالم کے خلاف انوکھا احتجاج ریکارڈ کیا گیا ۔
مظاہرین نے تالاب یا فوارے میں سرخ رنگ ڈال کر اسے خون کے پانی میں تبدیل کردیا۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ سرخ رنگ غزہ میں بہائے جانے والے بے گناہ فلسطینیوں کے خون کی علامت ہے جسے دنیا نظر انداز کر رہی ہے۔ انہوں نے امریکہ پر الزام لگایا کہ وہ اسرائیل کو نہ صرف سیاسی بلکہ فوجی امداد فراہم کرکے اس ظلم میں شریک ہے۔احتجاج کے دوران مظاہرین نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر "اسرائیل کو مسلح کرنا بند کرو”، "اپنے ہاتھوں پر خون” اور "آزاد فلسطین” جیسے نعرے درج تھے۔اس علامتی احتجاج کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں، جنہیں عالمی سطح پر عوامی ہمدردی اور حمایت حاصل ہو رہی ہے۔مظاہرین نے عالمی برادری اور خاص طور پر امریکہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیل پر دشمنی بند کرنے اور فلسطینیوں کے خلاف جاری نسل کشی کو روکنے کے لیے دباؤ ڈالے۔