اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر تین روزہ سرکاری دورے پر منگل کو اسلام آباد پہنچ گئے۔ یہ 11 سال بعد کسی مالدیپی صدر کا پہلا دورۂ پاکستان ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انور چودھری اور وزیر مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ قمر نے مالدیپ کے صدر اور ان کے وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔
مالدیپ کے صدارتی دفتر کے مطابق صدر ڈاکٹر محمد معیزو کو ایئرپورٹ پر شاندار استقبال پیش کیا گیا، جبکہ ان کے اعزاز میں 21 توپوں کی سلامی بھی دی گئی۔
صدر معیزو کا یہ دورہ پاکستان اور مالدیپ کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 60ویں سالگرہ کے موقع پر ہو رہا ہے۔ دونوں ممالک نے 1966 میں سفارتی تعلقات قائم کیے تھے۔
یہ بھی پڑھیں :تعلقات کی بحالی،مالدیپ کے صدر بھارت پہنچ گئے
مالدیپ کے صدر کے ہمراہ خاتون اول ساجدہ محمد، کابینہ کے وزرا اور سینئر حکام پر مشتمل اعلیٰ سطح کا وفد بھی پاکستان پہنچا ہے۔ صدر معیزو کا بدھ کے روز وزیراعظم ہاؤس میں باضابطہ استقبال کیا جائے گا۔
اس سے قبل مالدیپ کے وزیر خارجہ بھی کابینہ کے وزرا اور سینئر حکام کے ہمراہ اسلام آباد پہنچے تھے۔ دفتر خارجہ کے مطابق ایئرپورٹ پر ان کا استقبال ترجمان دفتر خارجہ، ڈائریکٹر جنرل جنوبی ایشیا و سارک، مالدیپ میں پاکستان کے ہائی کمشنر اور پاکستان میں مالدیپ کے ہائی کمشنر نے کیا۔
صدر معیزو کے دورے کو دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
