اردوورلڈکیینڈا(ویب نیوز)کینیڈا کے شہر مونٹریال میں پولیس اہلکاروں کے خلاف نسل پرستی، امتیازی سلوک اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزامات پر بڑا اقدام کرتے ہوئے 7 پولیس اہلکاروں کو ملازمت سے برطرف کردیا گیا۔
مونٹریال پولیس کے سربراہ فادی داغر نے اس فیصلے کو غیر معمولی اور پولیس فورس کی تاریخ کا پہلا اقدام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کا اعتماد بحال کرنے کے لیے سخت فیصلے کرنا ضروری ہوگیا تھا۔
پیر کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پولیس چیف فادی داغر نے کہا کہ تحقیقات اور مختلف معاملات کا جائزہ لینے کے بعد انہیں محسوس ہوا کہ عوام کا اعتماد بحال کرنے کے لیے محض باتوں کے بجائے عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ان اہلکاروں کو انتظامی بنیادوں پر برطرف کرنے کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ وہ دوبارہ پولیس کی وردی نہیں پہن سکیں گے، نہ ہی ان کے پاس اسلحہ ہوگا اور نہ وہ مونٹریال کے شہریوں کی خدمت کے لیے پولیس فورس کا حصہ رہیں گے۔
فادی داغر کے مطابق یہ فیصلہ عوام، پولیس کے شراکت دار اداروں اور ان افراد کے لیے واضح پیغام ہے جو مبینہ طور پر ان اہلکاروں کے ناروا سلوک سے متاثر ہوئے۔
نسل پرستی کے الزامات، اسٹیشن 39 کے پانچ اہلکار بھی برطرف
برطرف کیے گئے سات اہلکاروں میں سے پانچ مونٹریال کے علاقے نارتھ میں واقع پولیس اسٹیشن 39 میں تعینات رہ چکے تھے۔ اسی اسٹیشن سے تعلق رکھنے والے 16 اہلکاروں پر مشتمل ایک ٹیم کو رواں سال موسم گرما میں اس وقت ختم کردیا گیا تھا جب پولیس اہلکاروں پر نسلی اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے شہریوں کے بال کاٹ کر انہیں بطور ٹرافی محفوظ رکھنے کے الزامات سامنے آئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں :مونٹریال میں سال کا 20واں قتل، تین افراد کے درمیان جھگڑا خونریز تصادم میں تبدیل، 20 سالہ نوجوان ہلاک
ان الزامات نے مونٹریال پولیس میں نسل پرستی اور امتیازی رویوں سے متعلق ایک بڑے تنازع کو جنم دیا تھا۔برطرف ہونے والے دیگر دو اہلکار شہر کے مرکزی علاقے میں واقع پولیس اسٹیشن 21 سے وابستہ تھے۔ ان میں سے ایک پر نسل پرستی جبکہ دوسرے پر ایک کمزور اور غیر محفوظ حالت میں موجود شخص کے ساتھ امتیازی سلوک کرنے کا الزام تھا۔
پولیس چیف نے میڈیا میں سامنے آنے والی اس رپورٹ پر بھی وضاحت دی جس میں ایک اہلکار پر بے گھر شخص پر پیشاب کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ فادی داغر نے کہا کہ ان کے ادارے کی داخلی تحقیقات میں اس نوعیت کا کوئی معاملہ سامنے نہیں آیا۔
تاہم انہوں نے اعتراف کیا کہ ایک پولیس اہلکار کے خلاف انتہائی قابل مذمت حرکت کا معاملہ موجود ہے، جس کی نوعیت کچھ اسی طرح کی تھی، لیکن اس میں کسی انسان کو نشانہ نہیں بنایا گیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پولیس اس مخصوص الزام کی تحقیقات نہیں کررہی جس کا میڈیا میں ذکر کیا گیا ہے۔
چھ اہلکار پہلے ہی معطل تھے، فوجداری کارروائی کا فیصلہ زیرانتظار
پولیس چیف کے مطابق برطرف کیے گئے سات اہلکاروں میں سے چھ پہلے ہی معطل کیے جاچکے تھے، جبکہ ان کے خلاف الزامات کا معاملہ کیوبک کے دفتر برائے فوجداری استغاثہ کو بھیج دیا گیا تھا تاکہ فیصلہ کیا جاسکے کہ ان کے خلاف فوجداری مقدمات قائم کیے جائیں یا نہیں۔
فادی داغر نے کہا کہ فوجداری کارروائی کا عمل جاری ہے اور پولیس حکام استغاثہ کے فیصلے کے منتظر ہیں۔ تاہم وہ اس بارے میں پیش گوئی نہیں کرسکتے کہ استغاثہ کیا فیصلہ کرے گا۔
گزشتہ ہفتے ایک اور معاملہ بھی سامنے آیا تھا جس میں پولیس اسٹیشن 39 کے ایک اہلکار پر گھریلو تشدد کا شکار شخص کی جانب سے فراہم کردہ ویڈیو شواہد حذف کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ متعلقہ اہلکار کو گزشتہ ہفتے انتظامی ذمہ داریوں پر منتقل کردیا گیا تھا، تاہم یہ واضح نہیں ہوسکا کہ وہ سات برطرف اہلکاروں میں شامل ہے یا نہیں۔
پولیس چیف نے برطرفی کی وجوہات بتادیں
فادی داغر نے وضاحت کی کہ یہ برطرفیاں انتظامی بنیادوں پر کی گئی ہیں اور اس سے پہلے متعلقہ اہلکاروں کی پیشہ ورانہ اسناد اور اچھے کردار سے متعلق متعدد اجلاسوں میں جائزہ لیا گیا۔
ان کے مطابق تفتیش کاروں نے سٹی انتظامیہ کے وکلا سے مشاورت کے بعد مختلف جائزہ رپورٹس تیار کیں۔ ان رپورٹس کا جائزہ لینے پر واضح ہوا کہ متعلقہ اہلکار اب پولیس کے حفاظتی ضابطوں اور اہلیت کے معیار پر پورا نہیں اترتے۔
انہوں نے کہا کہ اسی بنیاد پر ان اہلکاروں کی پیشہ ورانہ منظوری منسوخ کردی گئی، جس کے بعد وہ شہر کی ملازمت پر برقرار نہیں رہ سکتے تھے۔
میئر نے فیصلے کو عوامی اعتماد کی بحالی کی جانب اہم قدم قرار دے دیا
مونٹریال کی میئر سورایا مارٹینیز فیرادا نے پولیس اہلکاروں کی برطرفی کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پولیس فورس نے عوامی اعتماد کی بحالی کے لیے ایک غیر معمولی قدم اٹھایا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی قانون اور ضابطوں سے بالاتر نہیں، یہ عمل مشکل ضرور ہے لیکن ضروری ہے اور اسے جاری رہنا چاہیے۔
دوسری جانب نسلی تعلقات سے متعلق تحقیق و عملی اقدامات کے مرکز (CRARR) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر فو نیمے نے بھی اس فیصلے کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے پولیس بدسلوکی اور نسل پرستانہ رویوں کے الزامات پر پولیس اہلکاروں کی اس انداز میں برطرفی پہلے نہیں دیکھی۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ فیصلہ مستقبل میں ایک مثال بنے گا اور پولیس اہلکاروں کو واضح پیغام دے گا کہ نسل پرستی، تعصب، اختیارات کا ناجائز استعمال اور شہریوں کے ساتھ بدسلوکی اب برداشت نہیں کی جائے گی۔
ادھر مونٹریال میں نظامی نسل پرستی اور نسلی بنیادوں پر شہریوں کی پروفائلنگ کے خلاف سرگرم تنظیم ریڈ کولیشن نے مطالبہ کیا ہے کہ پولیس فورس کے خلاف آزادانہ عوامی انکوائری شروع کی جائے تاکہ ادارے میں موجود بنیادی مسائل کی نشاندہی ہوسکے۔
اپوزیشن کا مؤقف، صرف اہلکاروں کی برطرفی کافی نہیں
مونٹریال سٹی ہال میں اپوزیشن جماعت پروجیکٹ مونٹریال کی رہنما ایریکا النیئس نے برطرفیوں کو ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام پولیس فورس کے بنیادی مسائل کا حل نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پولیس چیف فادی داغر مسلسل یہ مؤقف اختیار کررہے ہیں کہ صرف ایک فیصد اہلکار پولیس کی وردی کو بدنام کررہے ہیں، لیکن جب شہری ایمرجنسی نمبر 911 پر کال کرتے ہیں تو وہ یہ نہیں چاہتے کہ انہیں معلوم نہ ہو کہ مدد کے لیے آنے والا اہلکار کیسا رویہ اختیار کرے گا۔
ایریکا النیئس نے میئر سورایا مارٹینیز فیرادا سے مطالبہ کیا کہ وہ پولیس چیف کو فوری طور پر سٹی کونسل میں طلب کریں تاکہ ان الزامات اور پولیس فورس کے اندر موجود مسائل پر جواب طلب کیا جاسکے۔
ان کا کہنا تھا کہ تشدد اور قابل مذمت اقدامات میں ملوث اہلکاروں کو برطرف کرنا ضروری تھا، لیکن یہ صرف بنیادی قدم ہے۔ مونٹریال کے شہریوں اور پولیس کے درمیان اعتماد کا رشتہ بحال کرنے کے لیے اس سے کہیں زیادہ اقدامات کرنا ہوں گے۔
دوسری جانب مونٹریال پولیس برادرہڈ نے اس معاملے پر مؤقف دینے سے گریز کیا ہے۔
