اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز ایک بین الاقوامی سمندری راستہ ہے، اس لیے کسی بھی ملک کو وہاں سے گزرنے والے جہازوں پر محصول یا فیس عائد کرنے کا اختیار حاصل نہیں۔
ابوظہبی میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی قوانین کے مطابق یہ آبی گزرگاہ عالمی تجارت کے لیے کھلی ہے اور اس پر کسی ایک ملک کی جانب سے محصول وصول نہیں کیا جا سکتا۔
مارکو روبیو کا کہنا تھا کہ اس معاملے پر خطے کے ممالک کے درمیان اتفاقِ رائے موجود ہے اور اس حوالے سے کسی کو قائل کرنے کی ضرورت نہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب تک ایران کے حمایت یافتہ گروہ عراق سے میزائل اور بغیر پائلٹ طیاروں کے حملے جاری رکھیں گے، خطے میں کشیدگی کا مکمل خاتمہ ممکن نہیں ہوگا۔
امریکی وزیر خارجہ کے مطابق یہ معاملہ آئندہ مذاکرات میں بھی زیرِ غور آئے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ایران انقلابی طرزِ عمل ترک کرکے ایک معمول کی ریاست کے طور پر آگے بڑھنے کا فیصلہ کرے تو اس کے لیے ترقی اور خوشحالی کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
مارکو روبیو نے متحدہ عرب امارات سے اپنے خلیجی دورے کا آغاز کیا ہے، جس کے دوران وہ کویت اور بحرین کا بھی دورہ کریں گے۔