اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) پاکستان اور برطانیہ نے دہشت گردی، منشیات اسمگلنگ، سائبر کرائم، غیر قانونی امیگریشن اور ویزا فراڈ کی روک تھام کے لیے دوطرفہ تعاون مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا ہے۔
برطانوی وزیر مملکت برائے سکیورٹی ڈین جاروس کے دورہ پاکستان کے دوران دونوں ممالک نے معلومات کے تبادلے، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان رابطوں اور مشترکہ اقدامات کو مؤثر بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
ڈین جاروس کی ملاقاتیں
برطانوی وزیر مملکت برائے سکیورٹی ڈین جاروس نے پاکستان کے دورے کے دوران نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سمیت اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں علاقائی سلامتی، افغانستان کی صورتحال، انسداد دہشت گردی اور سنگین منظم جرائم کے خلاف مشترکہ حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
سکیورٹی تعاون میں اضافہ
وزارت داخلہ میں ہونے والے وفود کی سطح کے مذاکرات میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری بھی شریک ہوئے۔ فریقین نے انسداد دہشت گردی، انسداد منشیات، سائبر کرائم، امیگریشن، نادرا، کوسٹ گارڈز اور متعلقہ اداروں کی پیشہ ورانہ تربیت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
مذاکرات کے دوران اس بات پر زور دیا گیا کہ دہشت گردی، منظم جرائم، غیر قانونی امیگریشن اور ویزا فراڈ جیسے سرحد پار جرائم سے نمٹنے کے لیے معلومات کا بروقت تبادلہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان مضبوط رابطہ ناگزیر ہے۔
ایف آئی اے کی تعریف
برطانوی وزیر مملکت ڈین جاروس نے غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام کے لیے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ سائبر کرائم ایک عالمی مسئلہ بن چکا ہے، جس کے مؤثر تدارک کے لیے تمام ممالک کو مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور برطانیہ کو مشترکہ سکیورٹی خطرات درپیش ہیں اور باہمی تعاون کے ذریعے دونوں ممالک کو زیادہ محفوظ بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں اور کوششوں کا بھی اعتراف کیا اور دونوں ممالک کے درمیان پہلے سے موجود تعاون کو مزید وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔
این سی اے، اے این ایف تعاون
اجلاس میں انسداد منشیات کے حوالے سے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان مفاہمتی یادداشت کو جلد حتمی شکل دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ اس معاہدے کے تحت برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی (این سی اے) اور پاکستان کی اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کے درمیان تعاون کو باقاعدہ طور پر فعال اور مؤثر بنایا جائے گا۔
منشیات کے 330 کیسز ناکام
وزیر داخلہ محسن نقوی نے بتایا کہ گزشتہ چند برسوں کے دوران برطانیہ اسمگل کی جانے والی منشیات کے 330 کیسز ناکام بنائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کی بین الاقوامی اسمگلنگ کے خاتمے کے لیے دونوں ممالک کے متعلقہ اداروں کے درمیان قریبی اشتراک ضروری ہے۔
ورکنگ گروپ کا اجلاس
پاکستان اور برطانیہ کی وزارت داخلہ کے درمیان قائم مشترکہ ورکنگ گروپ کا اجلاس بھی جلد بلانے پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر محسن نقوی نے اپسکیل (Upskill) منصوبے کے تحت ہونے والی پیش رفت کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ پاکستانی اداروں کی استعداد کار بڑھانے اور انہیں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
اعلیٰ حکام کی شرکت
ملاقات میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ اور برطانوی حکام کے علاوہ پاکستان کے وفاقی سیکریٹری داخلہ، اسپیشل سیکریٹری و ایڈیشنل سیکریٹریز داخلہ، چیئرمین نادرا، ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے، ڈائریکٹر جنرل اے این ایف، آئی جی فیڈرل کانسٹیبلری، ڈی جی نیشنل فرانزک ایجنسی، کمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی، ڈی جی نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی، ڈی جی پاسپورٹ، چیئرپرسن سوشل میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی، چیف کمشنر اور آئی جی اسلام آباد پولیس بھی شریک ہوئے۔
دورے کے دوران ہونے والے مذاکرات کو دونوں ممالک کے درمیان سکیورٹی، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سرحد پار جرائم کی روک تھام کے شعبوں میں تعاون کو نئی جہت دینے کی اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے
