اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)استنبول میں پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ کے آر فور وزارتی اجلاس میں علاقائی صورتِ حال، مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی، سعودی عرب پر حوثی ملیشیا کے حملوں، امریکا اور ایران کے درمیان فوجی تنازع، آبنائے ہرمز کی صورتِ حال اور فلسطین کے مسئلے پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اجلاس کے بعد جاری مشترکہ اعلامیے میں حوثی ملیشیا کی جانب سے سعودی عرب پر مسلسل حملوں کی مذمت کرتے ہوئے یمن کی حکومت اور مملکت سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔ اعلامیے میں سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے احترام اور تحفظ کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔
مشترکہ اعلامیے میں حوثی ملیشیا سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ اپنی تمام کارروائیاں، دھمکیاں اور حملے فوری طور پر بند کرے۔ وزرائے خارجہ نے زور دیا کہ خطے میں کشیدگی کم کرنے اور امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے متعلقہ فریقین کو اشتعال انگیز اقدامات سے گریز کرنا چاہیے۔
امریکا ایران تنازع، آبنائے ہرمز پر سفارت کاری پر زور
آر فور وزارتی اجلاس کے شرکا نے امریکا اور ایران کے درمیان فوجی تنازع اور آبنائے ہرمز کی صورتِ حال پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے مسائل حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ شہریوں اور شہری بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے سے گریز کیا جائے، جبکہ جہازوں کی سلامتی کو بھی یقینی بنایا جائے۔ وزرائے خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ علاقائی تنازعات کے حل کے لیے سفارتی کوششوں کو ترجیح دی جائے تاکہ مزید کشیدگی اور عدم استحکام سے بچا جا سکے۔
اجلاس میں وزرائے خارجہ نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کی حمایت کا بھی اظہار کیا۔
مغربی کنارے اور مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی آبادکاری کی مذمت
مشترکہ اعلامیے میں فلسطین کی صورتِ حال پر بھی واضح مؤقف اختیار کیا گیا۔ وزرائے خارجہ نے مغربی کنارے اور مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیل کی تمام آبادکاری کی سرگرمیوں کی مذمت کی اور اسرائیل سے مطالبہ کیا کہ وہ پرتشدد کارروائیاں فوری طور پر بند کرے۔
یہ بھی پڑھیں :مکہ دفاعی معاہدہ، پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کی سہ ملکی کمیٹی کا آج استنبول میں اجلاس
اعلامیے میں فلسطینی عوام کے حقوق کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا گیا کہ فلسطین کے مسئلے کا منصفانہ اور پائیدار حل خطے میں امن و استحکام کے لیے ضروری ہے۔
وزرائے خارجہ نے اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق دو ریاستی حل پر جلد عمل درآمد کا مطالبہ بھی کیا۔ اس حل کے تحت ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام اور اسرائیل کے ساتھ پرامن بقائے باہمی کے ذریعے تنازع کے مستقل حل کی کوششوں پر زور دیا جاتا ہے۔
آر فور اجلاس کے مشترکہ اعلامیے میں علاقائی تنازعات کے حل، ریاستوں کی خودمختاری کے احترام، شہریوں کے تحفظ، سفارت کاری کے فروغ اور فلسطینی عوام کے حقوق کی حمایت کو اہمیت دی گئی۔
