اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری پر دستخط کر دیے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ گورنر نے 48 گھنٹے میں دستخط نہ کیے تو اسمبلی تحلیل کر دی جائے گی، عمران خان نے اپنا وعدہ پورا کیا، ہم نے اپنی حکومتیں ختم کرکے عوام کے پاس جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ .
فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ نگراں سیٹ اپ کے لیے اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کو خط لکھ رہے ہیں، ، پنجاب، خیبرپختونخوا میں انتخابات ہونے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں استحکام انتخابات سے ہی آسکتا ہے، دو صوبوں میں انتخابات کا مطلب 60 فیصد انتخابات ہوں گے، ملک کو قومی انتخابات کی طرف بڑھنا چاہیے۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اپنا وعدہ پورا کر رہی ہے، وفاقی حکومت اپنے بل سے باہر نکل کر الیکشن میں جائے۔
دوسری جانب بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اسمبلی کی تحلیل کے لیے دو دن بعد گورنر کو ایڈوائس بھجوائیں گے خیبرپختونخوا اسمبلی کی تحلیل کا مشورہ آج نہیں بھجوایا جائے گا۔