اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )پرویز الٰہی عمران خان اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان دور یا ںمٹانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ‘طاقتوں کے درمیان خلیج کو ختم کرنے اور انہیں ‘ایک ہی صفحہ پر لانے کی کوششیں دوبارہ شروع ہو گئی ہیں۔
مسلم لیگ (ق) کی قیادت کا خیال ہے کہ ضمنی انتخابات میں زیادہ نشستیں جیتنا نہ صرف پنجاب میں اپنی حکومت بنانے کے لیے ضروری ہے بلکہ یہ جیت آنے والے الیکشن کیلئے بھی راہ ہموار کریگی
نجی ٹی وی کے ذرائع کے مطابق پرویز الٰہی کے کیمپ میں موجود مسلم لیگ ق کے اہم رہنما جو پی ٹی آئی کی حمایت کرتے ہیں، پارٹیوں کے درمیان صلح کرانے کی کوشش کر رہے ہیں تاہم کوئی پیش رفت نہیں ہو سکی۔ مسلم لیگ (ن) کے حمزہ شہباز کے مقابلے میں ضمنی انتخابات وزیراعلیٰ پنجاب، پی ٹی آئی، مسلم لیگ (ق) کے مشترکہ امیدوار اور پنجاب اسمبلی کے اسپیکر چوہدری پرویز الٰہی کے لیے زیادہ اہم ہیں۔
پارٹی کے ایک سینئر رہنما نے کہا کہ ہم ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی کے امیدواروں کی جیت کے لیے سخت محنت کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق وہ لاہور اور پنجاب کے دیگر حصوں میں پی ٹی آئی کی مہم چلا رہے ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی اور مسلم لیگ (ق) کی جیت کو یقینی بنانے کے لیے کچھ دوسرے چینلز اور ذرائع استعمال کرنے کی کوششیں بھی کررہی ہے کیونکہ یہ ضمنی الیکشن ق لیگ اور عمران خان دونوں کے لیے کرو یا مرو کا معاملہ ہے
سینئر سیاستدان اور سابق وفاقی وزیر اعجاز الحق جنہوں نے گزشتہ دنوں عمران خان، چوہدری پرویز الٰہی، فواد چوہدری اور شیخ رشید سے خصوصی ملاقات کی تھی وہ پہلے ہی اعتراف کر چکے ہیں کہ عمران خان اور مقتدر حلقوں میں صلح کیلئے کوشاں ہیں
مسلم لیگ ق کے رہنما نے انکشاف کیا کہ اب اس حوالے سے نئی کوششیں شروع کر دی گئی ہیں۔ عمران خان سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنی تقاریر اور گفتگو کے دوران آرمی چیف کا بالواسطہ حوالہ دینے سے گریز کریں۔