اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )دعا کریں تیل کی قیمت کم ، بجلی سستی ہو وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں بجلی کی پیداوار بہت مہنگی ہے، اللہ سے دعا ہے کہ جلد از جلد تیل کی قیمت کم کرے تاکہ بجلی اور گیس سستی ہو، اور مہنگائی سے متاثرہ عوام کو ریلیف مل سکے، اس کے لیے ہمیں دعا کرنی چاہیے اور اللہ تعالی ہماری دعا ضرور قبول فرمائے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبے حکومت کی ترجیح ہیں، ترقی کے لیے محنت کریں گے، ہم ایک جامع منصوبہ بنا رہے ہیں جس میں ٹیوب ویل، مکانات، سرکاری دفاتر، عمارتوں، اسکولوں کو شمسی توانائی پر تبدیل کیا جائے گا، اتنا مہنگا تیل اور گیس سے بنی بجلی نے ہمیں مار ڈالا ہے۔ 75 سال سے ہم دھرے کے دھرے رہ گئے۔ سیاسی حکومت اور فوجی آمریت نے ملک کے حالات کو بہتر بنانے کے لیے مل کر کام نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ آج کے اجلاس میں فیصلہ کیا جائے گا کہ کس طرح عام گھرانوں کو سستے قرضوں پر سولر پینل فراہم کیے جائیں تاکہ وہ مہنگی بجلی سے بچ سکیں۔ وزیراعلی پنجاب کے مفت بجلی کے منصوبے سے 90 لاکھ گھرانوں اور 54 ملین افراد کو فائدہ ہوگا، اس کے لیے 100 ارب روپے کا بجٹ ہے، امید کرتا ہوں کہ باقی صوبے بھی اچھے فیصلے کریں گے۔