اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) عید کے دنوں میں مون سون بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئےمحکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ 9 سے 12 جولائی تک ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ دو روز کے دوران سندھ اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی بھی پیشگوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں مون سون ہوائیں ملک کے بیشتر علاقوں میں داخل ہوں گی جب کہ اس دوران ہواؤں کی شدت میں بھی کمی کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 9 اور 10 جولائی کے دوران کشمیر، گلیات، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں شدید بارشوں کا امکان ہے جب کہ پشاور، فیصل آباد اور لاہور سمیت راولپنڈی اور اسلام آباد کے نشیبی علاقے سیلاب کا خطرہ ہیں۔
محکمہ موسمیات نے کشمیر، گلیات اور گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کی وارننگ دی ہے۔
محکمہ موسمیات نے تمام متعلقہ اداروں کو عید کی چھٹیوں کے دوران الرٹ رہنے کی ہدایات بھی جاری کر دی ہیں۔