اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )اسلام آباد ہائی کورٹ نے اداروں کو بغاوت پر اکسانے کے کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی حفاظتی ضمانت منظور کرلی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان سے پوچھ گچھ اور ہر سماعت پر عدالت میں پیش ہونے کے علاوہ ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا بھی حکم دیا۔
اداروں کیخلاف بیان بازی کیس، عمران خان پیشی کیلئے اسلام آباد روانہ
عمران خان زمان پارک لاہور سے موٹروے کے ذریعے بڑے قافلے کے ہمراہ اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچنے پر عمران خان کی گاڑی کو عدالت کے احاطے میں جانے سے روک دیا گیا، پی ٹی آئی نے عمران خان کی گاڑی کو عدالت کے احاطے میں داخلے کی اجازت دینے کے لیے درخواست دائر کر دی۔
عمران خان کے وکلا نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے رجسٹرار کو درخواست جمع کرائی جس میں کہا گیا کہ عمران خان سابق وزیراعظم ہیں، ان کی جان کو خطرات ہیں، ان کی گاڑی کو عدالت کے احاطے میں داخل ہونے دیا جائے۔
کیس کی سماعت
اسلام آباد ہائی کورٹ میں عمران خان کی درخواست ضمانت کی سماعت چیف جسٹس عامر فاروق نے کی۔ عمران خان کی جانب سے وکلا بیرسٹر سلمان صفدر اور فیصل چوہدری پیش ہوئے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیشی،عمران خان کی 7 مقدمات میں عبوری ضمانت منظور
چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چوہدری نے درخواست پر دلائل دیے جب کہ سماعت کے دوران عدالت نے عمران خان کی درخواست پر رجسٹرار آفس کی جانب سے دائر اعتراضات کو بھی کالعدم قرار دے دیا۔
عدالت نے عمران خان کی 3 مئی تک حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔
یاد رہے کہ عمران خان کے خلاف عسکری اداروں کے خلاف بات کرنے کا مقدمہ 7 اپریل کو تھانہ رمنا میں مجسٹریٹ منظور احمد کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔