اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )لاہور ہائیکورٹ کے راولپنڈی بینچ نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید اور ان کے بھانجے کی گرفتاری سے متعلق فریقین سے جواب طلب کر لیا۔
شیخ رشید کی گرفتاری کے خلاف درخواست پر سماعت لاہور ہائی کورٹ کے راولپنڈی بینچ کے جسٹس صداقت علی خان نے کی، درخواست گزار شیخ عامر شفیق کی جانب سے سردار عبدالرازق خان ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔
سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل سردار عبدالرازق نے کہا کہ شیخ رشید کو راولپنڈی پولیس اور سفید پوش افراد نے اغوا کیا جس میں ان کے بھتیجے اور عملے کے رکن بھی شامل ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ 48 گھنٹے گزرنے کے باوجود ان کے بارے میں کچھ نہیں کہا جا رہا، شیخ رشید کو کسی عدالت میں پیش نہیں کیا گیا۔
عدالت نے شیخ رشید احمد، ان کے بھتیجے شیخ شاکر اور اسٹاف ممبر عمران کی بازیابی پر فریقین سے جواب طلب کرلیا، عدالت نے وفاقی حکومت، پنجاب حکومت، آر پی او راولپنڈی، سی پی او اور ایس ایس پی آپریشن سے 3 روز میں جواب طلب کرلیا۔ رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی گئی۔