آنسو دیکھنے سے دوسروں میں جارحیت یا غصہ کم ہوتا ہے۔یہ بات ایک نئی تحقیق میں سامنے آئی ہے۔پلس بائیولوجی جریدے میں شائع ہونے والی ایک تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ خواتین کے آنسو مردوں کے غصے یا جارحیت کو 40 فیصد تک کم کرتے ہیں۔درحقیقت خواتین کے آنسو دیکھ کر مردوں کا دماغ بدل جاتا ہے اور سائنسدانوں کا ماننا ہے کہ ہر انسان کے آنسو ایک جیسا اثر رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ "ہمیں یہ جان کر حیرت ہوئی کہ آنسو غصے یا جارحیت کو کم کرتے ہیں۔
"سائنسدانوں کی اس ٹیم کی جانب سے پہلے کی گئی ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا تھا کہ خواتین کے آنسو مردوں میں جارحیت بڑھانے والے ہارمونز کی سطح کو کم کرتے ہیں، لیکن اس وقت آنسوؤں سے رویے پر کس حد تک اثر پڑتا ہے، یہ نہیں دیکھا گیا تھا۔اس نئی تحقیق کے لیے چھ خواتین کو المناک فلمیں دکھائی گئیں اور ان کے آنسو اکٹھے کیے گئے۔اس کے بعد اس تحقیق میں 31 مردوں کو بھرتی کیا گیا، جن میں سے کچھ کو نمکین مرکب سونگھنے کے لیے اور دوسروں کو خواتین کے آنسو سونگھنے کے لیے کہا گیا۔اس کے بعد مردوں کو کمپیوٹر گیم کھیلنے کی ہدایت کی گئی جو لوگوں میں جارحانہ رویے کو بڑھاتی ہے۔نتائج سے معلوم ہوا کہ خواتین کے آنسو سونگھنے کے بعد گیم کھیلنے والے مردوں کے جارحانہ رویے میں 43.7 فیصد کمی واقع ہوئی۔
اس کے بعد مردوں کے دماغی سکین سے یہ بات سامنے آئی کہ آنسو سونگھنے سے دماغ کے وہ حصے متحرک ہو جاتے ہیں جو بو اور جارحیت سے منسلک ہوتے ہیں، جبکہ دماغی خلیات کی سرگرمی کو کم کر دیتے ہیں جو جارحیت کو فروغ دیتے ہیں۔محققین کے مطابق آنسوؤں کے کیمیکل کا یہ اثر حیران کن تھا اور ابھی تک یہ واضح نہیں کہ ایسا کیوں ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ آنسوؤں میں موجود کیمیکل بالغوں کے سماجی تعلقات پر جارحانہ رویے کو کم کرنے کے علاوہ کوئی خاص اثر نہیں ڈالتے، لیکن ایسا لگتا ہے کہ آنسوؤں کا یہ اثر کمزور بچوں کی حفاظت کے لیے تیار ہوا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ چھوٹے بچے ناراض لوگوں کو بات کر کے نہیں روک سکتے، درحقیقت وہ بے بس ہوتے ہیں، اس لیے ان حالات میں ان کے آنسو بڑوں کے غصے یا جارحیت کو کم کرتے ہیں۔