اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز) ترکی میں صدارتی اور پارلیمانی عام انتخابات میں کامیابی کے بعد رجب طیب اردگان نے تیسری بار ترکی کے صدر کے عہدے کا حلف اٹھالیا۔
ترک میڈیا کے مطابق رجب طیب اردگان 2028 تک صدر منتخب ہوچکے ہیں، اس سلسلے میں پہلی تقریب انقرہ میں ترک گرینڈ نیشنل اسمبلی میں ہوگی جہاں انہیں صدارتی اسناد پیش کی جائیں گی۔
واضح رہے کہ ترکی کے سرکاری میڈیا نے سپریم الیکشن کونسل آف ترکی کے حوالے سے خبر دی تھی کہ ترک صدر رجب طیب اردوان نے صدارتی انتخاب میں 54.47 فیصد ووٹ حاصل کیے جب کہ اپوزیشن کے امیدوار کمال کیلک داروغلو 45.53 فیصد ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ سپریم الیکشن کونسل (YSK) کے چیئرمین احمد ینیر نے دارالحکومت انقرہ میں نامہ نگاروں کو ووٹوں کی گنتی کے سرکاری نتائج سے آگاہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں
رجب طیب اردوان نے مسلسل دوسری بار صدارتی انتخاب جیت لیا ،حامیوں کا جشن
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے خصوصی دعوت پر رجب طیب اردوان کے صدر منتخب ہونے کی تقریب حلف برداری میں شرکت کی تھی۔اس کے علاوہ سرکاری خبر رساں ایجنسی ’اے پی پی‘ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ترک سرمایہ کاروں اور تاجروں سے ملاقاتیں کیں اور انہیں پاکستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے کی دعوت دی۔
وزیراعظم نے پاکستان میں سرمایہ کاری لانے اور پاکستانی عوام کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے پر انادولو گروپ کی حوصلہ افزائی کی۔ صدر رجب طیب اردگان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے وزیراعظم ترکی کے دو روزہ سرکاری دورے پر ہیں۔