سوئٹزرلینڈ میں خطے کی کشیدہ صورتحال کے تناظر میں ایک اہم سفارتی سرگرمی کا آغاز ہونے جا رہا ہے جہاں پاکستان، ایران اور امریکا کے وفود جنگ بندی مذاکرات کے دوسرے مرحلے میں شرکت کے لیے پہنچ گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق مذاکرات کا مقصد کشیدگی میں کمی، علاقائی استحکام اور ممکنہ جنگ بندی کے فریم ورک پر پیش رفت حاصل کرنا ہے۔پاکستان کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر آج سوئٹزرلینڈ میں ہونے والے تکنیکی سطح کے مذاکرات میں شرکت کریں گے۔
سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی وفد خطے میں امن مذاکرات اور سیاسی حل کے مؤقف کو اجاگر کرے گا جبکہ مختلف فریقین کے درمیان اعتماد سازی کے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال متوقع ہے۔ذرائع کے مطابق مذاکرات کے اس مرحلے میں جنگ بندی کی شرائط، نگرانی کے طریقہ کار، انسانی امداد کی فراہمی اور مستقبل کے سیاسی لائحہ عمل سمیت متعدد اہم نکات زیر غور آئیں گے۔
امریکا اور ایران کے نمائندے بھی اپنے اپنے مؤقف پیش کریں گے جبکہ پاکستان ثالثی اور سہولت کاری کے کردار پر توجہ مرکوز رکھے گا۔سفارتی حلقوں میں ان مذاکرات کو انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ پہلے مرحلے کے دوران بعض بنیادی نکات پر ابتدائی اتفاق رائے سامنے آیا تھا۔
اب نظریں دوسرے مرحلے پر مرکوز ہیں جہاں فریقین کو عملی پیش رفت اور قابل قبول فارمولے تک پہنچنے کی کوشش کرنی ہوگی۔سیاسی مبصرین کے مطابق اگر مذاکرات کامیاب رہے تو نہ صرف خطے میں کشیدگی کم ہو سکتی ہے بلکہ وسیع تر علاقائی استحکام اور اقتصادی سرگرمیوں کے لیے بھی مثبت ماحول پیدا ہونے کا امکان ہے۔ دوسری جانب عالمی برادری بھی ان مذاکرات کے نتائج پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور امید کی جا رہی ہے کہ سفارتی کوششیں کسی مثبت پیش رفت کا راستہ ہموار کریں گی۔