اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) بھارت کی ریاست مہاراشٹرا میں ایک مذہبی مقام پر پیش آنے والے افسوسناک حادثے میں کم از کم 6 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
یہ سانحہ ضلع پربھنی میں واقع معروف یشوادی مندر میں پیش آیا جہاں مرمتی کام کے دوران درگاہ کے سامنے تعمیر کی جانے والی چھت اچانک منہدم ہوگئی، جس کے نتیجے میں درجنوں افراد ملبے تلے دب گئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب مندر کے احاطے میں تعمیراتی اور مرمتی سرگرمیاں جاری تھیں۔ چھت گرنے کے باعث 27 افراد ملبے تلے پھنس گئے جنہیں نکالنے کے لیے فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس، امدادی ٹیمیں اور مقامی انتظامیہ موقع پر پہنچ گئی اور متاثرین کو بچانے کے لیے کارروائیاں تیز کر دیں۔
مقامی رکن اسمبلی راجیش وٹیکر کے مطابق ریسکیو ٹیموں نے ملبے تلے دبے تمام افراد کو نکال لیا ہے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا جہاں کئی افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ حکام کے مطابق ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ بھی موجود ہے۔ابتدائی تحقیقات میں سامنے آیا ہے کہ چھت کی تعمیر تقریباً مکمل ہو چکی تھی اور اس منصوبے پر کام کرنے والے کاریگر دیگر ریاستوں سے تعلق رکھتے تھے جبکہ تعمیراتی پتھر راجستھان سے منگوایا گیا تھا۔
ماہرین کا خیال ہے کہ ستونوں کو محفوظ بنانے میں ممکنہ تاخیر یا تکنیکی کوتاہی حادثے کی ایک بڑی وجہ ہو سکتی ہے، تاہم حتمی وجوہات کا تعین تفصیلی تحقیقات کے بعد کیا جائے گا۔یشوادی مندر ضلع پربھنی کی اہم ترین زیارت گاہوں میں شمار ہوتا ہے جہاں ہر ہفتے ہزاروں عقیدت مند حاضری دیتے ہیں۔ مقامی انتظامیہ نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے جبکہ تعمیراتی معیار اور حفاظتی اقدامات کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ مستقبل میں ایسے سانحات سے بچا جا سکے۔
