اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) حکومت تصادم کی آڑ میں الیکشن سے فرار کے بہانے تلاش کر رہی ہے
لاہور ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حکومت نے دفعہ 144 کا نفاذ کیا ہے جو بلا جواز ہے، ہم نے لاہور ہائیکورٹ میں دفعہ 144 کے خلاف درخواست دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، چیف جسٹس سے ہماری درخواست ہے کہ ہماری درخواست پر فوری غور کیا جائے۔
ضلعی انتظامیہ نے تحریک انصاف کو لاہور میں ریلی کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کرلیا
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پی ایس ایل کا میچ شام 7 بجے ہو رہا ہے، ہماری ریلی میچ شروع ہونے سے پہلے ختم ہو جائے گی۔
شاہ محمود کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں پرامن رہتے ہوئے اپنا سیاسی عمل جاری رکھنا ہے، ہمارا مقصد الیکشن کرانا ہے، ایک گروہ فیصلے مسلط کرنا چاہتا ہے۔
اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ آج ہمارے کارکن ارسلان کو کراچی سے اغوا کیا گیا، ہمارا مطالبہ ہے کہ ارسلان کو رہا کیا جائے، یہ عدالتیں رات 12 بجے بھی کھلتی ہیں یہ دن کا وقت ہے کہ ہماری درخواست کی سماعت کی جائے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک کے حالات ایسے ہیں کہ 10 لاکھ نوجوان ملک چھوڑ کر جا چکے ہیں، آپ اکیلے ادھر رہ لیں کوئی مسئلہ نہیں، ہم انصاف کے حصول کی پوری کوشش کر رہے ہیں۔