پی ٹی آئی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ قوم نے حکومت کی تبدیلی کی سازش قبول نہیں کی، لندن پلان اور اس کے اہداف قبول نہیں کریں گے۔
دوسری جانب نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما علی محمد خان نے نواز شریف کو وطن واپسی پر خوش آمدید کہا۔
پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے علی محمد خان نے کہا کہ نواز شریف کو خوش آمدید کہتے ہیں لیکن بہتر ہوتا کہ وہ آئینی طریقے سے آتے۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے بعد الیکشن ہوا تو وہ حکومت کیسے کر پائیں گے، کب تک ہمیں جیلوں میں رکھیں گے اور آخر کار ہم سڑکوں پر نکل آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ صدر عارف علوی اسٹیبلشمنٹ اور سیاسی جماعتوں کے درمیان بات چیت شروع کریں۔
واضح رہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف 4 سال بعد وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔
جلسےسے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے کہا کہ میرے دل میں انتقام کی خواہش نہیں، قوم کی خدمت کرنا چاہتا ہوں، ہمیں دگنی رفتار سے دوڑنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے ملکی مسائل کے حل کے لیے دن رات محنت کی، مجھ پر جھوٹے مقدمات بنائے گئے، مجھے جیلوں میں ڈالا گیا۔ آئین پر عمل درآمد کرنے والے ریاستی اداروں، پارٹیوں اور ستونوں کو ہم آہنگی سے کام کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ مل جل کر کام کیے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا، سب کو اکٹھا ہونا ہو گا، بیماری کو جڑ سے ختم کرنا ہو گا جس کی وجہ سے ملک اکثر حادثات کا شکار رہتا ہے۔
93