ان کا کہنا تھا کہ 2016 میں بھارتی خفیہ ایجنسی را کے کمانڈر کلبھوشن یادیو کو گرفتار کیا گیا، بھارتی کمانڈر نے پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں کا اعتراف کیا، بھارت کو پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہونے کا ڈوزیئر دیا گیا
ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان رابطے کے اہم فورمز دونوں ممالک کے سفارت خانے ہیں، انڈس واٹر کمشنرز بھی ایک دوسرے سے بات کرتے ہیں، پاکستان اور بھارت کے ڈی جی ایم اوز کے درمیان باہمی رابطے کا فورم بھی جاری ہے۔
ایک سوال کے جواب میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ کینیڈا میں بھارت کی جانب سے سکھ کی ٹارگٹ کلنگ افسوسناک ہے۔
ترک صدر رجب طیب اردوان کے بیان کو سراہتے ہوئے کہا کہ ترکی نے ہمیشہ مقبوضہ جموں و کشمیر پر پاکستان کے موقف کی حمایت کی ہے، کلبھوشن جادھو کی حیثیت میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر بھارت سے ملاقات کا کوئی امکان نہیں ہے۔
ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ نگران وزیراعظم نے افغانستان کی جانب سے مبارکباد کے خط کا جواب دیا، ایسے خط ہمیشہ کی طرح آتے ہیں اور جواب دیے جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ رات امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان اور وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی کے درمیان ملاقات ہوئی، ملاقات میں افغانستان میں امن و امان کی صورتحال اور باہمی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا
169