اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ تجارت بڑھانے کی گنجائش موجود ہے۔
اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے کی جانب سے پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس میں 2 روزہ یو ایس پاکستان انوویشن ایکسپو جاری ہے۔
نمائش کا مقصد امریکی حکومت کے تعاون سے فعال ہونے والی نئی پاکستانی بزنس چینز اسٹارٹ اپس کی کامیابی کی کہانیوں کو اجاگر کرنا ہے
تقریب سے خطاب میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ جامع اقتصادی ترقی کو فروغ دینا اور امریکہ اور پاکستان کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافہ امریکی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
ڈونلڈ بلوم کا کہنا تھا کہ امریکا پہلے ہی پاکستانی مصنوعات کے لیے سب سے بڑی برآمدی منڈی ہے جب کہ ہم پاکستان میں امریکی سرمایہ کاری میں سال بہ سال اضافہ دیکھ رہے ہیں تاہم اب بھی دوطرفہ تجارت کو وسعت دینے کی گنجائش موجود ہے۔
امریکی سفیر نے مزید کہا کہ پاکستان بے پناہ صلاحیتوں کا حامل ملک ہے لیکن کامیابی کی اگلی منزل تک پہنچنے کے لیے جدت اور ٹیکنالوجی کو فروغ دینے کی اشد ضرورت ہے۔