فرانسسکا البانیس نے غزہ جنگ سے متعلق اپنی رپورٹ میں مزید کہا کہ اسرائیل نے غزہ میں 7 اکتوبر سے اب تک 30 ہزار سے زائد فلسطینیوں کو ہلاک کیا ہے جن میں سے 12 ہزار فلسطینی تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے تلے دب کر لاپتہ ہیں اور انہیں مردہ تصور کیا جاتا ہے۔رپورٹ کے مطابق اسرائیل نے 70 ہزار سے زائد فلسطینیوں کو زخمی اور ہزاروں کو گرفتار کیا ہے، گرفتار فلسطینیوں کو اسرائیلی فوج کی جانب سے بدترین تشدد کا سامنا ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ اسرائیل یہ ثابت کرنے میں ناکام رہا ہے کہ غزہ میں مارے جانے والے افراد حماس کے جنگجو تھے۔رپورٹ میں کہا گیا کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ کے لیے امداد بند کرنے سے بھوک اور غربت کے باعث اموات کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے اور غزہ میں خوراک کی کمی اور غذائی قلت کے باعث روزانہ 10 بچے مر رہے ہیں۔اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے غزہ کے ہسپتالوں کو بری طرح تباہ کر دیا ہے، زرعی اراضی، غزہ کے مکانات، ہسپتال، تعلیمی ادارے اور ثقافتی مراکز بھی اسرائیلی بمباری سے تباہ ہو گئے ہیں۔