ڈاکٹر یاسمین راشد نے مزید کہا کہ نواز شریف سزا یافتہ اور اشتہاری ہیں۔ الیکشن کے لیے باہر سے لائے گئے ہیں۔ لیول پلیئنگ فیلڈ کا مطلب یہ ہے کہ جو بھی الیکشن لڑنا چاہے وہ باہر ہو جائے۔
انہوں نے کہا کہ یہ طے ہے کہ یہ الیکشن نہیں بلکہ سلیکشن ہے۔ نواز شریف کو پروٹوکول دیا جا رہا ہے۔ ہمارے کیسز کا چالان تین چار ماہ سے آج تک نہیں آیا۔ ورلڈ میڈیکل ایسوسی ایشن نے صدر اور وزیراعظم کو خط لکھا ہے کہ آپ نے یاسمین راشد کو کیوں گرفتار کیا؟
پی ٹی آئی رہنما عمر سرفراز چیمہ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں جھوٹے مقدمے میں 6 ماہ سے جیل میں رکھا گیا ہے۔ وہ چاہتے ہیں کہ ہم پریس کانفرنس کریں۔ پی ٹی آئی چھوڑنی ہوتی تو چھوڑ دیتے جن مقدمات میں مجھے گرفتار کیا گیا ان کے دوران میں گھر پر تھا۔
9 مئی کو انسداد دہشت گردی کی عدالت نے جلاؤ گھیراؤ کے مختلف مقدمات میں ڈاکٹر یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ، اعجاز چوہدری اور خدیجہ شاہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 9 نومبر تک توسیع کردی تھی۔