اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)نومنتخب وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے ریاست میں انٹرنیٹ سروس بحال کرنے کا عوام سے کیا گیا وعدہ پورا کردیا، محکمہ داخلہ آزادکشمیر نے آج سے ریاست کے مختلف علاقوں میں انٹرنیٹ سروس مرحلہ وار بحال کرنے کا اعلان کردیا۔
کئی اضلاع میں سروس بحال
محکمہ داخلہ آزادکشمیر کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق مظفرآباد ڈویژن کے ضلع نیلم میں انٹرنیٹ سروس مکمل طور پر بحال کردی گئی ہے۔
ضلع حویلی کہوٹہ میں بھی انٹرنیٹ سروس مکمل طور پر بحال کردی گئی ہے، جس کے بعد دونوں اضلاع کے شہریوں کو معمول کے مطابق انٹرنیٹ کی سہولت دستیاب ہوگی۔
میرپور اور بھمبر میں ڈی ایس ایل بحال
نوٹیفکیشن کے مطابق میرپور اور بھمبر میں ڈی ایس ایل سروس بھی بحال کردی گئی ہے۔تاہم دیگر بعض اضلاع میں انٹرنیٹ کی بحالی محدود پیمانے پر کی گئی ہے اور مخصوص اداروں کو ہی سروس فراہم کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔
تعلیمی اداروں اور بینکوں کو سہولت
محکمہ داخلہ کے مطابق جہلم ویلی، باغ، دھیرکوٹ اور کوٹلی میں فی الحال صرف تعلیمی اداروں اور بینکوں کے لیے ڈی ایس ایل سروس بحال کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں :ایلون مسک کا غیر معمولی اقدام، ایران میں مفت انٹرنیٹ سروس بحال
ان علاقوں میں تعلیمی اداروں اور بینکوں کو وائٹ لسٹڈ ڈی ایس ایل کنکشن فراہم کیے جائیں گے تاکہ ضروری تعلیمی، مالیاتی اور انتظامی امور متاثر نہ ہوں۔
اداروں سے حلف نامہ طلب
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ وائٹ لسٹ کیے جانے والے اداروں کے سربراہان کو حلف نامہ جمع کرانا ہوگا۔اداروں کے سربراہان کو اس بات کی ضمانت بھی دینا ہوگی کہ فراہم کی جانے والی انٹرنیٹ سروس کو قومی سلامتی کے خلاف استعمال نہیں کیا جائے گا۔
راولاکوٹ اور سدھنوتی میں سروس معطل
محکمہ داخلہ آزادکشمیر کے مطابق پونچھ ڈویژن کے اضلاع راولاکوٹ اور سدھنوتی میں انٹرنیٹ سروس بدستور معطل رہے گی۔ان دونوں اضلاع میں انٹرنیٹ کی مکمل بحالی کے حوالے سے فی الحال کوئی اعلان نہیں کیا گیا۔
وزیراعظم کا وعدہ پورا
واضح رہے کہ نومنتخب وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے عہدہ سنبھالنے کے بعد عوام سے وادی میں انٹرنیٹ سروس بحال کرنے کا وعدہ کیا تھا۔افتخار گیلانی نے اس سے قبل اعلان کیا تھا کہ آزاد کشمیر میں انٹرنیٹ سروس آئندہ 2 روز کے اندر بحال کردی جائے گی۔
محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے بعد ریاست کے مختلف علاقوں میں مرحلہ وار انٹرنیٹ سروس کی بحالی کا عمل شروع ہوگیا ہے، تاہم پونچھ ڈویژن کے راولاکوٹ اور سدھنوتی سمیت بعض علاقوں میں سروس تاحال معطل رہے گی۔
