اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)اسلام آباد اور راولپنڈی میں رات گئے شروع ہونے والی موسلادھار بارش نے شہری زندگی مفلوج کردی، متعدد آبادیاں زیرآب آگئیں، گھروں اور دکانوں میں پانی داخل ہوگیا جبکہ سڑکوں پر کئی کئی فٹ پانی جمع ہونے سے ٹریفک کا نظام بھی شدید متاثر ہوا۔
رات بھر بارش
محکمہ موسمیات کے مطابق بارش رات 3 بج کر 20 منٹ پر شروع ہوئی جو صبح 8 بجے تک جاری رہی۔ شدید بارش کے باعث اسلام آباد اور راولپنڈی کے متعدد علاقے پانی میں ڈوب گئے اور سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں۔
آبادیاں زیرآب
پیرودھائی سے ملحقہ صفدرآباد، گلی لوہاراں اور فوجی کالونی سمیت مختلف علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔ یونین کونسل 4 اور 5 کے علاقے بھی شدید متاثر ہوئے جبکہ اعوان کالونی میں متعدد گاڑیاں پانی میں ڈوب گئیں۔راولپنڈی کا ماڈل راجہ بازار بھی بارش کے پانی سے متاثر ہوا، جہاں شہریوں اور دکانداروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
نالہ لئی میں طغیانی
موسلادھار بارش کے باعث نالہ لئی میں پانی کی سطح مسلسل بلند ہونے لگی۔ کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 27 فٹ تک پہنچ گئی جبکہ گوالمنڈی کے مقام پر پانی کا بہاؤ 21 فٹ ریکارڈ کیا گیا۔پانی کی سطح میں اضافے کے باعث نالہ لئی کے اطراف میں رہنے والے شہریوں کو انخلا کا الرٹ جاری کردیا گیا۔
ایکسپریس وے پر ٹریفک جام
بارش کے باعث اسلام آباد ایکسپریس وے پر بھی شدید ٹریفک جام ہوگیا اور گاڑیوں کی کئی کئی کلومیٹر لمبی قطاریں لگ گئیں۔ سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے شہریوں کو دفاتر اور دیگر مقامات تک پہنچنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔
197 ملی میٹر بارش ریکارڈ
واسا حکام کے مطابق شمس آباد میں سب سے زیادہ 197 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔نیوکٹاریاں میں 184، گولڑہ میں 157، پی ایم ڈی میں 146 جبکہ پیرودھائی میں 86 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔
تعلیمی ادارے بند
شدید بارش اور شہری علاقوں میں پانی جمع ہونے کے باعث راولپنڈی کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے آج بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں :اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلادھار بارش، نشیبی علاقے زیر آب، نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند
ڈپٹی کمشنر کے مطابق شہریوں کی حفاظت اور ممکنہ مشکلات کے پیش نظر تعلیمی اداروں میں تعطیل کا فیصلہ کیا گیا۔
مزید بارشوں کی پیشگوئی
دوسری جانب نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔
ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ
محکمہ موسمیات اور این ڈی ایم اے کے مطابق بالائی علاقوں میں مزید بارشوں کے نتیجے میں دریاؤں کے بہاؤ میں اضافہ ہوسکتا ہے جبکہ ندی نالوں میں طغیانی کا بھی خدشہ ہے۔
متعلقہ اداروں کو صورتحال پر نظر رکھنے اور ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔ شہریوں کو بھی ندی نالوں اور نشیبی علاقوں سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
