اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز) ایک سنگین مقدمے میں عدالت نے بچے کو اغوا کرنے کے جرم میں ایک بھارتی نژاد شخص کو 18 ماہ قید کی سزا سنا دی، جس کے بعد اسے ملک بدر کیے جانے کا بھی امکان ہے۔
ملزم، منوج گووند بالونیکم (37)، جو برامپٹن میں سابق رئیل اسٹیٹ ایجنٹ رہ چکا ہے، کو اگست 2023 میں 14 سال سے کم عمر بچے کے اغوا کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ اس نے مئی میں عدالت کے سامنے جرم قبول کر لیا تھا۔
عدالت میں پیش کیے گئے شواہد کے مطابق، ملزم نے نو سالہ بچے سے بات چیت کی اور اسے تحفے کے طور پر فجیٹ اسپنر دیا۔ بعد ازاں اس نے بچے کو گاڑی میں بٹھا کر لے جانے کی کوشش کی۔ جب بچے نے گھر کے قریب رکنے کا کہا تو ملزم نے گاڑی نہیں روکی اور آگے بڑھتا رہا۔واقعے کے دوران بچے کے والد نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے گاڑی کو روک لیا اور بچے کو بحفاظت گھر واپس لے آئے۔ پولیس نے اگلے روز ملزم کو گرفتار کر لیا۔
دفاع کی جانب سے اس واقعے کو "ثقافتی غلط فہمی” قرار دیا گیا، تاہم جج نے اس مؤقف کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ملزم طویل عرصے سے کینیڈا میں مقیم تھا اور اسے مقامی قوانین اور سماجی اقدار کا مکمل علم ہونا چاہیے تھا۔کینیڈین امیگریشن قوانین کے تحت، اگر کسی غیر ملکی شہری کو چھ ماہ یا اس سے زیادہ قید کی سزا سنائی جائے تو اسے ملک بدر کیا جا سکتا ہے۔ اس تناظر میں، ملزم کو سزا مکمل ہونے کے بعد بھارت واپس بھیجے جانے کا سامنا ہو سکتا ہے۔