اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)کینیڈا کی وفاقی حکومت نے امیگریشن نظام میں ایک غیر معمولی اقدام کرتے ہوئے ملک میں پہلے سے مقیم تقریباً دو لاکھ افراد کو مستقل رہائش (PR) دینے کے لیے خصوصی منصوبہ متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔
اس اقدام کا بنیادی مقصد برسوں سے زیر التوا امیگریشن درخواستوں کو نمٹانا، ملک میں پہلے سے کام کرنے والے غیر ملکی کارکنوں کو مستقل رہائش کے مواقع فراہم کرنا اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر تحفظ کے منتظر خاندانوں کے معاملات کو آگے بڑھانا ہے۔
حکومت کی نئی حکمت عملی کے تحت 2027 میں اضافی امیگریشن گنجائش استعمال کرتے ہوئے دو مختلف گروپس کے افراد کو مستقل رہائش دینے کی کارروائی تیز کی جائے گی۔ پہلے گروپ میں ایک لاکھ تک ایسے کارکن اور ان کے اہل خانہ شامل ہوں گے جو پہلے ہی کینیڈا میں رہائش پذیر ہیں اور ملکی معیشت میں اپنا کردار ادا کررہے ہیں، جبکہ دوسرے گروپ میں ایک لاکھ تک انسانی ہمدردی کی بنیاد پر زیر غور افراد کو شامل کیا جائے گا۔
کون سے افراد اس منصوبے سے فائدہ اٹھا سکیں گے؟
اس منصوبے کے تحت ایسے کارکنوں کو ترجیح دی جائے گی جن کی درخواستیں مخصوص وفاقی امیگریشن پروگراموں کے تحت پہلے سے جمع ہیں۔ ان میں اٹلانٹک امیگریشن پروگرام، بعض کاروباری امیگریشن پروگرامز، ایگری فوڈ پائلٹ اور ہوم کیئر ورکرز سے متعلق پروگرام شامل ہیں۔
اس کے علاوہ صوبوں کو بھی اختیار دیا جائے گا کہ وہ اپنی علاقائی ضروریات کے مطابق ایسے کارکنوں کی نشاندہی کریں جو پہلے سے کینیڈا میں موجود ہیں اور مستقل رہائش کے لیے موزوں ہیں۔
یوکرین اور ہانگ کانگ کے درخواست گزار بھی شامل
خصوصی منصوبے میں یوکرین فیملی ری یونیفیکیشن پاتھ وے اور ہانگ کانگ کے مستقل رہائش کے پروگراموں کی زیر التوا درخواستیں نمٹانے کو بھی اہمیت دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ایسے افراد کی درخواستوں پر کارروائی تیز کرنے کا منصوبہ ہے جنہیں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر مستقل رہائش کے لیے پہلے ہی اہل قرار دیا جاچکا ہے۔
کینیڈین شہریوں کے غیر ملکی شریک حیات کے لیے بھی اہم پیش رفت
اس اقدام میں کینیڈین شہریوں اور مستقل رہائشیوں کے شریک حیات، کامن لا پارٹنرز اور زیر کفالت بچوں کی درخواستیں بھی شامل ہیں۔ حکومت کا ہدف کیوبیک سے باہر شریک حیات کی اسپانسرشپ کے معاملات میں انتظار کا دورانیہ تقریباً 12 ماہ تک لانا ہے۔
کینیڈا نئی امیگریشن کے بجائے پہلے سے موجود تارکین وطن کو مستقل کرنے پر کیوں مائل ہے؟
اس فیصلے سے ظاہر ہوتا ہے کہ کینیڈا اپنی امیگریشن پالیسی میں ایک اہم ترجیح تبدیل کررہا ہے۔ حکومت کے لیے ایسے افراد کو مستقل رہائش دینا زیادہ اہمیت اختیار کررہا ہے جو پہلے ہی ملک میں رہ رہے ہیں، ملازمت کررہے ہیں، ٹیکس ادا کررہے ہیں اور مقامی معاشرے کا حصہ بن چکے ہیں۔
اس حکمت عملی سے ایک طرف امیگریشن درخواستوں کا پرانا بوجھ کم ہوسکتا ہے تو دوسری طرف ایسے کارکنوں کو مستقل مستقبل مل سکتا ہے جو طویل عرصے سے عارضی حیثیت میں زندگی گزار رہے ہیں۔ تاہم یہ دو لاکھ افراد کے لیے عمومی اور خودکار پی آر اسکیم نہیں بلکہ مخصوص پروگراموں اور اہلیت کے تحت درخواستوں کی کارروائی تیز کرنے کا منصوبہ ہے۔
