اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)کینیڈا کے صوبے البرٹا میں مجوزہ عوامی رائے شماری کے لیے بڑے پیمانے پر انتخابی عملے کی بھرتی کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
صوبائی انتخابی ادارے ایلیکشنز البرٹا کے مطابق موسمِ خزاں میں ہونے والی اس اہم رائے شماری کے لیے ساٹھ ہزار سے زائد انتخابی اہلکار درکار ہوں گے، جو ووٹوں کی ہاتھ سے گنتی کریں گے۔ صوبائی قانون کے تحت تمام ووٹوں کی گنتی پولنگ ختم ہونے کے اڑتالیس گھنٹوں کے اندر مکمل کرنا لازمی ہے۔
ادارے نے بتایا ہے کہ تمام آسامیاں معاوضے کے ساتھ ہوں گی اور زیادہ تر نشستوں کے لیے سولہ برس یا اس سے زائد عمر کے افراد درخواست دے سکیں گے، بشرطیکہ وہ کردار کی جانچ کے مرحلے سے کامیاب گزریں۔ حکام کے مطابق بھرتیوں کا عمل آٹھ جون سے شروع کیا جائے گا اور اس مقصد کے لیے صوبے بھر کے شہریوں سے تعاون اور شرکت کی اپیل کی گئی ہے۔
صوبائی وزیرِاعلیٰ ڈینیئل اسمتھ نے گزشتہ ہفتے اعلان کیا تھا کہ انیس اکتوبر کو عوام سے یہ سوال پوچھا جائے گا کہ آیا صوبہ کینیڈا کا حصہ رہنا چاہتا ہے یا پھر علیحدگی کے حوالے سے دوسری پابند عوامی رائے شماری کرانا چاہتا ہے۔ یہ سوال دس مختلف سوالات میں پہلا ہوگا، جبکہ باقی سوالات امیگریشن اور آئینی اصلاحات سے متعلق ہوں گے۔
ایلیکشنز البرٹا کے مطابق ہر سوال کے لیے الگ رنگ کا بیلٹ پیپر استعمال کیا جائے گا تاکہ ووٹرز کے لیے شناخت آسان ہو۔ ادارے کا اندازہ ہے کہ مجموعی طور پر چونتیس ملین بیلٹ شیٹس درکار ہوں گی، جس کے باعث یہ عمل صوبے کی تاریخ کی سب سے بڑی انتخابی سرگرمیوں میں شمار کیا جا رہا ہے۔