اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)ژوب اور ڈیرہ اسماعیل خان کے درمیانی علاقے دانا سر میں پیش آنے والے افسوسناک ٹریفک حادثے میں مسافر بس کھائی میں گرنے سے 40 افراد جاں بحق جبکہ 8 افراد زخمی ہوگئے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق مسافر بس کوئٹہ سے پشاور جا رہی تھی کہ ژوب، شیرانی شاہراہ پر دانا سر کے مقام پر حادثے کا شکار ہو گئی۔ حادثے کے فوراً بعد ریسکیو ٹیموں نے امدادی کارروائیاں شروع کر دیں اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کے ترجمان شاہد رند نے تصدیق کی کہ حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 40 ہو گئی ہے جبکہ 8 افراد زخمی ہوئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ، ریسکیو ادارے اور متعلقہ محکمے زخمیوں کو فوری طبی امداد کی فراہمی میں مصروف ہیں۔
شاہد رند کے مطابق ابتدائی معلومات سے معلوم ہوا ہے کہ حادثے کا شکار بس میں اپنے مسافروں کے علاوہ ایک خراب ہونے والی دوسری بس کے مسافر بھی سوار تھے۔
اس سے قبل ڈپٹی کمشنر شیرانی ولی کاکڑ نے بتایا کہ دشوار گزار علاقے کے باوجود ریسکیو اہلکار زخمیوں کو نکالنے اور امدادی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کے بعد قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے، جبکہ ضلعی انتظامیہ صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے۔ ان کے مطابق امدادی کارروائیاں مکمل ہونے کے بعد حتمی تعداد کا تعین کیا جائے گا۔
محکمہ صحت کے حکام نے بتایا کہ حادثے کے پیش نظر بلوچستان کے قریبی اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
دوسری جانب صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے ژوب، شیرانی شاہراہ پر پیش آنے والے مسافر بس حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ زخمیوں کو ہر ممکن اور بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔