اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) پاکستان میں تیز ترین اور مستحکم انٹرنیٹ فراہمی کی جانب بڑا قدم اٹھاتے ہوئے ٹرانس ورلڈ نے جدید ترین سی می وی 6 (SEA-ME-WE 6 سب میرین کیبل کراچی کے ساحل تک پہنچا دی ہے۔
حکومت پاکستان کے جاری ڈیجیٹل سفر میں یہ پیش رفت نہ صرف ایک اہم سنگِ میل ہے بلکہ یہ ملک کو عالمی ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کے ساتھ مزید مضبوطی سے جوڑنے کی جانب ایک بڑا قدم ہے۔ حکام کے مطابق ٹرانس ورلڈ کی جانب سے **ہاکس بے کے ساحل** پر سی می وی 6 کیبل لانے اور بچھانے کا عمل جاری ہے۔ یہ کیبل دنیا کی جدید ترین سب میرین کیبلز میں سے ایک ہے اور پاکستان کی بین الاقوامی کنیکٹیویٹی کو کئی گنا بہتر بنانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
SEA-ME-WE 6 یعنی South East Asia–Middle East–Western Europe 6 کیبل کی مجموعی لمبائی 21,700 کلومیٹر ہے۔ یہ جدید فائبر آپٹک سسٹم سنگاپور سے شروع ہو کر فرانس تک جاتی ہے اور اپنی راہ میں کئی اہم ممالک کو آپس میں جوڑتی ہے۔ اسی سلسلے میں اس کا ایک اہم پوائنٹ کراچی بھی ہے، جو پاکستان کو عالمی ڈیٹا نیٹ ورک کا لازمی حصہ بناتا ہے۔
ٹرانس ورلڈ اس سے پہلے بھی پاکستان میں تین سب میرین کیبلز بچھا چکا
پہلی کیبل 2005 دوسری 2015 جب کہ تیسری جدید کیبل 2024 میں فعال کی گئی تھی۔سی می وی 6 انٹرسٹیٹل ریڈنسی اور تیز رفتار انٹرنیٹ کی فراہمی کے لحاظ سے ٹرانس ورلڈ کی **چوتھی سب میرین کیبل** ہے، جو پاکستان کے ڈیجیٹل مستقبل کے لیے نہایت اہم قرار دی جا رہی ہے۔سی می وی 6 دراصل 16 بڑی بین الاقوامی کمپنیوں کے کنسورشیم کا مشترکہ منصوبہ ہے۔ اس میں شامل بڑی ٹیکنالوجی اور ٹیلی کام ادارے عالمی ڈیٹا ٹریفک کو تیز، محفوظ اور کم لاگت بنانے کے لیے اس نیٹ ورک پر کام کر رہے ہیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ سی می وی 6 کے فعال ہونے سے پاکستان میں نہ صرف انٹرنیٹ اسپیڈ میں واضح بہتری آئے گی بلکہ بین الاقوامی ڈیٹا ٹریفک میں اوور لوڈنگ اور رکاوٹوں میں بھی کمی ہوگی ویڈیو اسٹریمنگ،آن لائن کاروبار ،کلاؤڈ سروسز،ڈیجیٹل پیمنٹس اور آئی ٹی ایکسپورٹسجیسے شعبوں کو بھی نمایاں فائدہ ہوگا۔حکومت کے مطابق یہ پیش رفت پاکستان کے اس عزم کی عکاس ہے کہ ملک کو خطے میں ایک مضبوط ڈیجیٹل حب بنایا جائے، جس سے مستقبل میں آئی ٹی سیکٹر کو اربوں روپے کے معاشی فوائد حاصل ہوں گے۔