اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)البرٹا حکومت نے پیر کے روز اعلان کیا کہ نیا، جدید ترین اسٹولری چلڈرنز ہسپتال ایڈمنٹن کے ساؤتھ کیمپس میں بنایا جائے گا۔ یہ ہسپتال یونیورسٹی آف البرٹا کے جنوب میں، 122 اسٹریٹ اور 51 ایونیو کے شمال مشرقی کونے پر تعمیر ہوگا جو اس وقت خالی زرعی زمین ہے۔
حکومت نے اسے منصوبے کی تکمیل کی جانب “ایک بڑا قدم” قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ جگہ اپنے وسیع رقبے، مستقبل میں توسیع کی صلاحیت اور یونیورسٹی کے موجودہ اسپتال کے قریب ہونے کی وجہ سے منتخب کی گئی ہے۔ نیا مقام موجودہ اسٹولری اسپتال سے صرف 15 منٹ کی مسافت پر ہے۔
انفراسٹرکچر کے وزیر مارٹن لانگ نے کہایہ مقام ہمیں وہ جگہ اور لچک دیتا ہے جہاں ہم بچوں اور خاندانوں کو اولین ترجیح دینے والی ایک جدید سہولت بنا سکیں۔صوبائی حکومت کے مطابق نیا اسپتال بچوں کے امراض کے علاج کو مزید بہتر بنائے گا اور خصوصی طبی سہولیات کی بڑھتی ہوئی ضرورت کو پورا کرے گا۔
ایمی رچرڈسن کی والدہ، جو پیدائشی ریڑھ کی ہڈی کی بیماری میں مبتلا ہے، کہتی ہیں کہ اس منصوبے کا اعلان والدین کے لیے امید کی کرن ہے۔انہوں نے کہا یہ ایک ایسی نعمت ہے جس کی ہمیں ضرورت تھی۔ ہمارے بچوں کو بہترین اور اعلیٰ ترین معیار کی دیکھ بھال ملنی چاہیے۔ اسٹولری ہی کی وجہ سے ایمی آج چل پھر سکتی ہے۔ انہوں نے کئی بار اس کی جان بچائی ہے۔
1 ارب ڈالر جمع کرنے کی مہم
اسٹولری چلڈرنز ہاسپٹل فاؤنڈیشن (SCHF) نے اسپتال کی تعمیر کے لیے “نو باؤنڈز” کے نام سے 1 ارب ڈالر اکٹھا کرنے کی مہم کا اعلان کیا ہے۔فاؤنڈیشن کی صدر کیرن فالکنر کا کہنا تھایہ مہم صرف نیا اسپتال بنانے میں مدد نہیں کرے گی بلکہ بچوں کے لیے ایک ایسا ماحول تیار کرے گی جہاں دیکھ بھال آسان، کم تکلیف دہ اور زیادہ مؤثر ہو۔
سرکاری فنڈنگ اور ٹائم لائن
2021 میں صوبے نے منصوبے کے لیے 1 ملین ڈالر جاری کیے تھے، جتنا فاؤنڈیشن نے بھی دیا۔ اب حکومت نے اگلے تین سالوں میں منصوبہ بندی اور ڈیزائن کے لیے 11 ملین ڈالر مختص کیے ہیں حکومت کے مطابق منصوبہ بندی کا مرحلہ 2026 میں مکمل ہوگا، جبکہ اسپتال کی تعمیر میں پانچ سے آٹھ سال لگ سکتے ہیں۔
NDP کی تنقید
البرٹا کی اپوزیشن NDP نے حکومت پر تاخیر کا الزام لگایا۔صحت کی شیڈو منسٹر سارہ ہوفمین نے کہااس حکومت کو یہ اعلان کرنے میں سات سال لگ گئے۔ آج کی بات نہ پیسے سے متعلق تھی، نہ ٹائم لائن سے—صرف جگہ کا اعلان کیا گیا۔ حکومت کو مکمل منصوبہ لانا چاہیے تھا۔
والدین کی خوشی
ایڈمنٹن کی رہائشی رچرڈسن کا کہنا تھا کہ سب سے خوشی کی بات یہ ہے کہ نئے اسپتال میں زیادہ پرائیویٹ کمروں کا منصوبہ ہے۔انہوں نے کہامشترکہ کمروں میں بچوں کی تکلیف اور دیگر خاندانوں کے دکھ سن کر وہ راتیں مزید مشکل ہو جاتی تھیں۔ الگ کمروں سے یہ بوجھ کم ہوگا۔
موجودہ ہسپتال کا پس منظر
موجودہ اسٹولری چلڈرنز اسپتال 2001 میں کھولا گیا تھا اور بستروں کی تعداد کے لحاظ سے کینیڈا کا دوسرا بڑا بچوں کا اسپتال ہے۔ یہ ہر سال مغربی کینیڈا کے تقریباً 3 لاکھ بچوں کو علاج فراہم کرتا ہے۔