اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) چینی قمری کیلنڈر کے مطابق سال 2026 کو گھوڑے کا سال قرار دیا گیا ہے
جو چینی روایتی ثقافت میں آزادی، جوش، حرکت، مضبوط ارادے اور لامحدود توانائی کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ اس حوالے سے جمہوریہ چین کے قونصل جنرل یانگ یونڈونگ نے کہا ہے کہ گھوڑے کا سال نئی شروعات، بلند حوصلوں اور شاندار کامیابیوں کی امید لے کر آتا ہے۔
چینی نئے سال 2026 کے استقبال کے موقع پر کراچی میں چینی قونصلیٹ میں ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی، جس میں صحافیوں اور میڈیا نمائندوں نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل نے کہا کہ یہ موقع نہ صرف نئے سال کا جشن منانے کا ہے بلکہ چین اور پاکستان کے درمیان دیرینہ دوستی کی تجدید کا بھی مظہر ہے۔یانگ یونڈونگ کا کہنا تھا کہ چینی ثقافت میں گھوڑا متحرک توانائی، ناقابلِ شکست جذبے اور مسلسل آگے بڑھنے کی علامت ہے۔ ان کے مطابق گھوڑے کا سال اس بات کی نمائندگی کرتا ہے کہ مشکلات کے باوجود ترقی، عزم اور اعتماد کے ساتھ کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔
انہوں نے چین اور پاکستان کے تعلقات پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں۔ سندھ اور بلوچستان میں چین اور مقامی حکومتوں کے درمیان عملی تعاون میں نمایاں پیش رفت دیکھنے میں آئی ہے، جو دونوں ممالک کی قیادت کی دوراندیشی اور مشترکہ کوششوں کا نتیجہ ہے۔قونصل جنرل نے پاکستانی میڈیا کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ میڈیا دونوں ممالک کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کر رہا ہے، جو باہمی تعلقات، دوستی اور اعتماد کی درست عکاسی کرتا ہے اور عوامی سطح پر افہام و تفہیم کو فروغ دیتا ہے۔
اقتصادی امور پر بات کرتے ہوئے یانگ یونڈونگ نے کہا کہ سال 2025 چین کے 14ویں پانچ سالہ منصوبے کا آخری سال تھا، جس دوران عالمی معاشی دباؤ، تحفظ پسندی اور تجارتی رکاوٹوں کے باوجود چین نے مستحکم ترقی کا سفر جاری رکھا۔ انہوں نے کہا کہ اصلاحات، کھلے پن، صارفین کی منڈی میں وسعت اور جدید پیداواری صلاحیتوں نے معیشت کو مضبوط بنیادیں فراہم کیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ سال 2026 چین کے 15ویں پانچ سالہ منصوبے کا آغاز ہے، جو سوشلسٹ جدیدیت کی جانب ایک نئے مرحلے کی علامت ہے۔ اس منصوبے کے تحت معاشی معیار میں بہتری، معقول ترقی، سبز اور کم کاربن معیشت، فعال مالیاتی پالیسی اور معتدل آسان مانیٹری پالیسی کو فروغ دیا جائے گا۔تقریب کے اختتام پر قونصل جنرل نے امید ظاہر کی کہ گھوڑے کا سال چین اور پاکستان دونوں کے لیے ترقی، خوشحالی اور مضبوط شراکت داری کی نئی راہیں کھولے گا۔