اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)فیسٹیول انتظامیہ نے بدھ کے روز اعلان کیا کہ شہر میں جاری تعمیراتی سرگرمیوں اور سٹی آف کیلگری کی جانب سے عائد کیے گئے ضابطہ جاتی تقاضوں کے باعث کئی ماہ کی کوششوں کے باوجود مسائل حل نہ ہو سکے، جس کے باعث جمعہ سے شروع ہونے والا میوزک فیسٹیول اس سال منعقد نہیں ہوگا۔
فیسٹیول کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر کم بلیونز نے کہا کہ "ہمارے شائقین ملک بھر سے اس ایونٹ میں شرکت کے لیے آتے ہیں اور ہم ان کے لیے ایسا پروگرام منعقد کرنا چاہتے ہیں جس سے وہ بھرپور لطف اندوز ہو سکیں، لیکن اس سال شہر کی جانب سے پیدا ہونے والے حالات میں یہ ممکن نہیں رہا۔”
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں فیسٹیول کا انعقاد نہ صرف حفاظتی تقاضوں بلکہ شائقین کے مجموعی تجربے پر بھی سمجھوتہ کرنے کے مترادف ہوتا، جو انتظامیہ کو ہرگز قبول نہیں۔
منتظمین کے مطابق فیسٹیول کی منسوخی کی اہم وجوہات میں اسکوشیا پلیس کے قریب جاری تعمیراتی کام، نائنتھ ایونیو ایس ای تک محدود رسائی، ضروری بنیادی ڈھانچے کی عدم دستیابی اور آخری وقت میں پانی کی پائپ لائن کے متبادل نظام کی تنصیب شامل ہیں، جس سے فیسٹیول کا مقام ناقابلِ استعمال ہو گیا۔
دوسری جانب سٹی آف کیلگری کا کہنا ہے کہ اسے فیسٹیول کی منسوخی کا علم میڈیا رپورٹس کے ذریعے ہوا۔ شہری حکام کے مطابق جنوری سے فیسٹیول انتظامیہ کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھا گیا، جبکہ بدھ کی صبح بھی تعمیراتی تبدیلیوں، مقام تک رسائی اور ٹریفک پلان پر بات چیت جاری تھی۔
کیلگری کے میئر جیرومی فرکاس نے کہا کہ انتظامیہ کئی ماہ سے شہر کے ساتھ تعاون کر رہی تھی اور ان کے خدشات دور کرنے کے لیے مناسب انتظامی اور رابطہ کاری کے اقدامات کیے گئے تھے۔
میئر نے یہ بھی واضح کیا کہ فیسٹیول مقام کے قریب جاری بنیادی ڈھانچے کے منصوبے اچانک شروع نہیں ہوئے تھے اور نہ ہی پانی کی بائی پاس لائن کا کام راتوں رات کیا گیا۔فیسٹیول انتظامیہ نے شہر کی نئی شور سے متعلق پالیسی کے تحت کم ڈیسیبل کی حد کو بھی منسوخی کی ایک بڑی وجہ قرار دیا۔
کنٹری تھنڈر کی ڈیجیٹل منیجر میگن بینوا نے کہا کہ "ہم عالمی شہرت یافتہ فنکاروں کو بڑے اسٹیج پر پیش کرتے ہیں، لیکن مقررہ شور کی حد کے ساتھ ایسا ممکن نہیں۔ تعمیراتی کام کے باعث مقام تک رسائی بھی مشکل ہو گئی ہے، اس لیے یہ متعدد مسائل کا مجموعہ ہے۔”تاہم شہر کا مؤقف ہے کہ فیسٹیول کے لیے جاری کیے گئے نوائز ایگزیمپشن پرمٹ کے تحت معمول سے زیادہ آواز کی اجازت پہلے ہی دی جا چکی تھی۔
میئر جیرومی فرکاس نے الزام عائد کیا کہ فیسٹیول انتظامیہ اس معاملے کو حالیہ شور سے متعلق تنازع سے جوڑ کر غلط معلومات کو فروغ دے رہی ہے، حالانکہ وہ ضوابط اس ایونٹ پر لاگو نہیں ہوتے تھے۔
منگل کے روز کیلگری سٹی کونسل نے اسٹیمپیڈ کے دوران بڑے میوزک ٹینٹس کے لیے رات گئے شور کی حد میں نرمی کی تجویز مسترد کرتے ہوئے کم ڈیسیبل کی حد اور پہلے اختتامی اوقات برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔ میئر فرکاس نے اس فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ اسٹیمپیڈ کے دوران شور کی 220 سے زائد شکایات موصول ہوئی تھیں، جن میں نصف سے زیادہ کا تعلق کاؤبوائز میوزک فیسٹیول سے تھا۔
ادھر فیسٹیول کی تیاریاں پہلے ہی شروع ہو چکی تھیں، تاہم بدھ کی سہ پہر مقام پر موجود عملے کو نصب کیا گیا سامان اور اسٹیج ہٹاتے ہوئے دیکھا گیا۔