اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) پاکستان تحریکِ انصاف کے بانی اور سابق وزیرِاعظم عمران خان میں آنکھ کی ایک سنجیدہ بیماری کی تشخیص ہوئی ہے
جسے سینٹرل ریٹینل وین اوکلوژن (CRVO) کہا جاتا ہے۔ یہ بیماری عموماً عمر رسیدہ افراد میں دیکھنے کو ملتی ہے اور اس کے تعلق خون کی نالیوں اور دل کی صحت سے ہوتا ہے، جیسے ہائی بلڈ پریشر، کولیسٹرول کی زیادتی، ذیابیطس اور دل کی دیگر بیماریاں۔ماہرین کے مطابق CRVO اس وقت پیدا ہوتی ہے جب آنکھ کے پردے (ریٹینا) سے خون نکالنے والی مرکزی رگ میں رکاوٹ پیدا ہو جاتی ہے، عموماً خون کے لوتھڑے کے سبب۔ اس سے ریٹینا میں سوجن، رطوبت اور بعض اوقات خون بہنے کی کیفیت پیدا ہوتی ہے، جس کے نتیجے میں نظر اچانک یا بتدریج کمزور ہو سکتی ہے۔
ایک سینئر ماہر چشم نے بتایا کہ اس بیماری کے مریضوں کو قریبی نگرانی کی ضرورت ہوتی ہے کیونکہ چند ہفتے یا مہینوں کے اندر پیچیدگیاں بھی پیدا ہو سکتی ہیں۔ بعض اوقات اس کو غیر رسمی طور پر "سو دن کا گلوکوما” بھی کہا جاتا ہے، جو شدید ریٹینل وین اوکلوژن کے بعد آنکھ کے اندر دباؤ بڑھنے اور غیر معمولی خون کی نالیوں کے بننے کی پیچیدگی کی طرف اشارہ کرتا ہے۔
عمران خان کے معاملے میں دائیں آنکھ کی نظر کم ہونے پر تفصیلی معائنہ کیا گیا، جس میں ریٹینا کی امیجنگ اور آپٹیکل کوہیرنس ٹوموگرافی (OCT) شامل تھی۔ ان نتائج کی بنیاد پر ڈاکٹروں نے فالو اپ علاج کی تجویز دی اور گزشتہ ہفتے انہیں پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) منتقل کیا گیا۔
پمز میں عمران خان کو آنکھ کے اندر اینٹی وی ای جی ایف دوا کا انجیکشن دیا گیا، جس کا مقصد ریٹینا کی سوجن کم کرنا اور خون کی نالیوں کے رساؤ سے مزید نقصان روکنا ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ انجیکشن عام طور پر ماہانہ بنیاد پر لگانے پڑتے ہیں، خاص طور پر ابتدائی مراحل میں، اور مزید انجیکشنز کی ضرورت ریٹینا کی ردعمل پر منحصر ہوگی۔ماہرین نے واضح کیا کہ یہ صرف آنکھوں کا مسئلہ نہیں بلکہ جسم میں خون کی نالیوں کی دیگر بیماریوں کی نشاندہی بھی ہو سکتی ہے، اس لیے مجموعی صحت کی نگرانی بھی اہم ہے۔