اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)ایلن گارڈنز کئی دہائیوں سے ٹورنٹو کے شہریوں کے لیے ایک محبوب عوامی مقام رہا ہے، اور اب فرینڈز آف ایلن گارڈنز کا کہنا ہے کہ وقت آ گیا ہے کہ اس تاریخی باغ کو مزید وسعت دی جائے تاکہ وہ کمیونٹی کی بہتر خدمت کر سکے۔
1860 میں قائم ہونے والا ایلن گارڈنز کینیڈا کا قدیم ترین عوامی کنزرویٹری ہے۔ اس کے سبزہ زار اور کمیونٹی کردار کو بڑھانے کے لیے ایک حمایتی پٹیشن بھی شروع کی گئی ہے، جس کا مقصد پارک کی گنجائش میں اضافہ اور اسے کمیونٹی کے لیے ایک مضبوط “تیسری جگہ” (Third Space) کے طور پر فروغ دینا ہے۔
فرینڈز آف ایلن گارڈنز سے وابستہ سینا آروائن نے کہااس پارک کو واقعی نئی سرمایہ کاری کی ضرورت ہے، نئے پروگرامز کی ضرورت ہے، اور اسے باغبانی کے اعلیٰ معیار، لوگوں کو فطرت سے جوڑنے اور ہمارے شہر میں باغبانی کے ساتھ تعلق مضبوط بنانے کا ایک بڑا مرکز بننا چاہیے۔”
اس وقت شہر کے وسط میں واقع اس پارک میں تقریباً 16 ہزار اسکوائر فٹ پر مشتمل گرین ہاؤسز موجود ہیں۔ تاہم اگر عطیات کی مد میں فنڈنگ اور شہر کی منظوری حاصل ہو جاتی ہے تو مجوزہ توسیعی منصوبے کے تحت چار نئے گرین ہاؤسز تعمیر کیے جائیں گے، جس سے اندرونی جگہ بڑھ کر تقریباً 34 ہزار اسکوائر فٹ ہو جائے گی۔ اس توسیع کے نتیجے میں مزید تعلیمی پروگرامز اور کمیونٹی کے لیے نئی جگہیں فراہم کی جا سکیں گی۔
آروائن کے مطابق ہم اسے ‘لنک بلڈنگ’ کہہ رہے ہیں، جو اضافی گرین ہاؤسز فراہم کرے گی اور دیگر امور کے ساتھ ساتھ کینیڈا بھر میں پائی جانے والی مختلف پودوں کی اقسام کی عکاسی کرے گی۔
منصوبے کے تحت کنزرویٹری کے انفراسٹرکچر کو بھی جدید بنایا جائے گا، جس میں جیو تھرمل ٹیوبز، بارش کے پانی کو جمع کرنے کا نظام، اور زمین کے اندر نصب حرارتی نظام کے ساتھ قدرتی شمسی توانائی سے حرارت اور ٹھنڈک کے انتظامات شامل ہوں گے۔
اگرچہ یہ منصوبہ ابھی ابتدائی مراحل میں ہے، تاہم اس کی متوقع لاگت 50 ملین ڈالر سے زائد بتائی جا رہی ہے، اور اس کی تکمیل میں کئی برس لگ سکتے ہیں۔
سینا آروائن کا کہنا ہے کہ فرینڈز آف ایلن گارڈنز اس توسیعی منصوبے کے لیے زیادہ تر فنڈز عطیات کے ذریعے جمع کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ہم 10 ہزار دستخط حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ یہ ظاہر کیا جا سکے کہ کمیونٹی ایلن گارڈنز میں سرمایہ کاری کی اہمیت کو تسلیم کرتی ہے۔
دوسری جانب، سٹی آف ٹورنٹو کے ایک ترجمان نے سٹی نیوز کو بتایا کہ شہر کو اس پٹیشن کا علم ہے، تاہم اس وقت کنزرویٹری کی توسیع کے لیے کوئی باضابطہ منصوبہ موجود نہیں ہے۔واضح رہے کہ ٹورنٹو شہر نے حال ہی میں 2025 میں پارک کے پام ہاؤس کی تاریخی بحالی کا کام مکمل کیا تھا۔