اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اسلام آباد کی امام بارگاہ میں ہونے والے خودکش حملے کے بعد صوبے میں بسنت کے تمام شیڈول شدہ پروگرام منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
انہوں نے ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ سانحے کے پیش نظر کل کے شیڈول میں شامل تمام سرگرمیاں، بشمول لاہور کے لبرٹی اسکوائر میں میگا بسنت شو، منسوخ کر دی گئی ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ فیصلہ ملک کی حفاظت اور شہریوں کی سلامتی کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس نازک وقت میں خوارج کے ناسور اور ان کے ہمدردوں کے خلاف متحد رہیں اور اپنی مسلح افواج کے ساتھ شانہ بہ شانہ کھڑے ہوں۔ مریم نواز نے زور دیا کہ دہشت گردی اور عدم تحفظ کے ماحول میں قومی یکجہتی اور صبر کی ضرورت ہے۔
In the wake of the Islamabad tragedy, I am cancelling all my Basant-related activities that were scheduled for tomorrow. The mega Basant show at the Liberty Square also stands cancelled.
P.S: It is imperative that the nation remains united against the Khwarji menace and their…
— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) February 6, 2026
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے 6 سے 8 فروری تک صوبے بھر میں بسنت منانے کا اعلان کیا تھا، اور 7 فروری کو لاہور کے لبرٹی چوک میں مرکزی پروگرام کا انعقاد کرنے کا منصوبہ تھا۔ شہریوں کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی تھی تاکہ بسنت کا جشن روایتی جوش و خروش کے ساتھ منایا جا سکے۔
گزشتہ رات لاہور میں بسنت کا آغاز ہو چکا تھا اور شہریوں نے پتنگ بازی کا سلسلہ شروع کر دیا تھا، تاہم انتظامیہ کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ بسنت کے دوران تمام حفاظتی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ اس کے باوجود، ڈور پھٹنے کے واقعے میں ایک شہری جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے، جس نے جشن کے ماحول کو سوگوار کر دیا۔
مریم نواز کے فیصلے کو صوبے میں عوام کی حفاظت اور سانحہ اسلام آباد کے تناظر میں ایک ذمہ دارانہ اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔ حکومت کی جانب سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ آئندہ کے بسنت پروگرام اس وقت تک معطل رہیں گے جب تک کہ عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مزید اقدامات نہ کیے جائیں۔