اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) مریکا کی جانب سے ایران کے خلاف جنگ کے ابتدائی دو دنوں میں بھاری مقدار میں جدید اور مہنگے ہتھیار استعمال کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔
امریکی روزنامہ واشنگٹن پوسٹ نے امریکی حکام کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا کہ پینٹاگون نے صرف ابتدائی 48 گھنٹوں میں تقریباً 5.6 ارب ڈالر مالیت کے ہتھیار اور گولہ بارود استعمال کیے۔
رپورٹ کے مطابق، یہ اعداد و شمار اس بات کی عکاسی کرتے ہیں کہ امریکی فوج نے مختصر مدت میں انتہائی جدید اسلحہ استعمال کر کے اپنی فوجی کارروائیوں میں شدت پیدا کی۔ اس سے امریکا میں سیاسی حلقوں میں بھی تشویش پیدا ہوئی ہے، خاص طور پر کانگریس کے بعض ارکان نے اس پر تحفظات کا اظہار کیا کہ امریکی فوج محدود اور قیمتی ہتھیار تیزی سے استعمال کر رہی ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چند روز قبل دعویٰ کیا تھا کہ امریکا کے پاس اہم جنگی ہتھیاروں کا لامحدود ذخیرہ موجود ہے، تاہم ابتدائی دو دنوں کے ہتھیار استعمال کے اعداد و شمار نے ان کے اس دعوے پر نئی بحث چھیڑ دی ہے۔دوسری جانب، امریکی فوج کے کمانڈ سینٹر سینٹکام نے بتایا کہ امریکا نے ایران میں اب تک تقریباً 5 ہزار اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔ امریکی حکام کے مطابق ان حملوں کے دوران ایران کے تقریباً 50 جنگی طیارے تباہ یا شدید نقصان پہنچا۔ماہرین کے مطابق، ابتدائی دنوں میں بھاری اور جدید ہتھیاروں کا استعمال جنگ کی شدت اور امریکا کی حکمت عملی کی نشاندہی کرتا ہے، جبکہ سیاسی حلقوں میں اس کے اثرات اور عالمی سطح پر ردعمل پر بھی نظر رکھی جا رہی ہے۔