اردو ورلڈکینیڈا ( ویب نیوز ) بحرین کی وزارت داخلہ نے اعلان کیا ہے کہ ایرانی حملوں کی ویڈیوز بنانے اور سوشل میڈیا پر شیئر کرنے کے الزام میں پانچ پاکستانی شہریوں سمیت چھ افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
گرفتار افراد میں محمد معز اکبر، افضل خان، احمد ممتاز، ارسلان علی ساجد اور عبدالرحمان عبدالستار شامل ہیں، جبکہ چھٹا ملزم محمد اسرافیل میر بنگلہ دیش سے تعلق رکھتا ہے۔بحرینی وزارت داخلہ کے مطابق، ملزمان نے ایرانی حملوں کی ویڈیوز بنا کر سوشل میڈیا پر شیئر کیں، جس سے ’دشمنی کے اقدام کی ہمدردی ظاہر ہوئی اور اسے بڑھا چڑھا کر پیش کیا گیا‘، جس کے نتیجے میں ملک میں امن و امان اور سلامتی متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوا۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ ویڈیوز شہریوں میں خوف اور گمراہی پھیلانے کا سبب بن سکتی تھیں۔
تمام گرفتار افراد کو پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا گیا ہے اور ان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ منامہ میں پاکستانی سفارتخانے نے مقیم پاکستانیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سکیورٹی سے متعلق کسی بھی واقعے کی ویڈیوز یا تصاویر بنانے اور سوشل میڈیا پر شیئر کرنے سے گریز کریں، کیونکہ بحرین میں ایسا کرنا قانوناً جرم ہے اور اس پر سخت سزائیں ہو سکتی ہیں۔
بحرینی حکام نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ کسی میزائل کے ملبے یا حملے کے مقام کی تصاویر یا ویڈیوز شیئر کرنا حساس معلومات افشا کر سکتا ہے اور سکیورٹی کارروائیوں میں خلل ڈال سکتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق خطے کے دیگر ممالک میں بھی اسی نوعیت کے اقدامات کیے گئے ہیں۔ قطر میں ایرانی حملوں کی ویڈیوز کے ذریعے مبینہ طور پر گمراہ کن معلومات پھیلانے پر 300 سے زیادہ افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ کویت میں بھی اسی نوعیت کی گرفتاریاں سامنے آئی ہیں۔