اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) امریکی صدر نے دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ 11 دنوں کے دوران امریکی فوج نے ایران کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایرانی بحریہ کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔
امریکی صدر کے مطابق امریکی افواج نے ایران کے 58 بحری جہاز تباہ ،31 بارودی سرنگوں کو ناکارہ بنا دیا گیا ہے۔
واشنگٹن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ امریکی فوج نے حالیہ دنوں میں ایران کے خلاف انتہائی مؤثر اور فیصلہ کن کارروائیاں کی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ گیارہ دنوں کے دوران امریکی افواج نے سمندر میں ایران کی عسکری صلاحیت کو تقریباً ختم کر دیا ہے اور ایرانی بحریہ کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
امریکی صدر نے مزید دعویٰ کیا کہ امریکی فوج نے نہ صرف ایرانی بحری جہازوں کو نشانہ بنایا بلکہ خلیجی پانیوں میں بچھائی گئی متعدد بارودی سرنگوں کو بھی ناکارہ بنا کر سمندری راستوں کو محفوظ بنایا۔ ان کے مطابق اس کارروائی کا مقصد عالمی جہاز رانی اور خطے میں موجود اتحادی ممالک کے مفادات کا تحفظ تھا۔
انہوں نے کہا کہ امریکی فضائیہ اور بحریہ نے مشترکہ کارروائیوں کے ذریعے ایران کے کئی اہم فوجی اہداف کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ایرانی عسکری ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا۔ امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ان کارروائیوں کے بعد ایران کی فضائی اور بحری طاقت بری طرح متاثر ہوئی ہے۔امریکی صدر نے یہ بھی کہا کہ امریکہ اپنے اتحادیوں اور عالمی تجارت کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرتا رہے گا۔ ان کے مطابق امریکی افواج خطے میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے تیار ہیں اور کسی بھی خطرے کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
دوسری جانب ایران کی جانب سے اس دعوے پر تاحال باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا تاہم ماضی میں ایرانی حکام ایسے دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے انہیں پروپیگنڈا قرار دیتے رہے ہیں۔ مبصرین کے مطابق اگر یہ دعوے درست ثابت ہوتے ہیں تو اس سے مشرق وسطیٰ میں کشیدگی مزید بڑھ سکتی ہے اور خطے کی سلامتی کی صورتحال پر گہرے اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔