اردو ورلڈ کینیڈٓ ( ویب نیوز ) پیئر پوئیلیور نے اعلان کیا ہے کہ وہ کینیڈا کی آٹو انڈسٹری کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے اور امریکی محصولات کے اثرات کو کم کرنے کے لیے ایک نیا منصوبہ پیش کریں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ کینیڈا کی آٹو صنعت کو بحران سے نکالنے کے لیے "واحد امید” ثابت ہو سکتا ہے۔کنزرویٹو پارٹی کے رہنما نے کہا کہ ان کی تجویز کا مقصد کینیڈا اور امریکہ کے درمیان آٹو انڈسٹری کے ضوابط کو زیادہ ہم آہنگ بنانا ہے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان گاڑیوں کی تیاری اور تجارت میں آسانی پیدا ہو۔ ان کے مطابق اس منصوبے میں کینیڈا میں تیار ہونے والی گاڑیوں پر عائد جی ایس ٹی ختم کرنے کی تجویز بھی شامل ہے، جس سے مقامی صنعت کو فروغ ملے گا اور گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی آنے کی توقع ہے۔
پوئیلیور نے کہا کہ امریکی محصولات نے کینیڈا کی آٹو انڈسٹری پر دباؤ بڑھا دیا ہے، جس کی وجہ سے صنعت کو مسابقتی چیلنجز کا سامنا ہے۔ ان کے مطابق اگر مناسب اقدامات نہ کیے گئے تو اس اہم شعبے میں روزگار اور سرمایہ کاری متاثر ہو سکتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ اپنے اس منصوبے کے حوالے سے وزیر اعظم مارک کارنی سے بھی بات کریں گے تاکہ وفاقی حکومت کے ساتھ مل کر اس مسئلے کا حل تلاش کیا جا سکے۔
اس وقت پوئیلیور Windsor میں موجود ہیں جو کینیڈا کی آٹو انڈسٹری کا ایک اہم مرکز سمجھا جاتا ہے۔ وہ ہفتے کے آخر میں Detroit کا دورہ بھی کریں گے جہاں و ہ مختلف کمپنیوں کے کے اعلیٰ عہدیداروں سے ملاقات کریں گے۔سیاسی مبصرین کے مطابق یہ ملاقاتیں کینیڈا اور امریکہ کے درمیان آٹو انڈسٹری کے تعاون اور مستقبل کی حکمت عملی کے حوالے سے اہم پیش رفت ثابت ہو سکتی ہیں۔