اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) ایمانوئیل میکرون نے اعلان کیا ہے کہ فرانس آبنائے ہرمز کو کھلوانے کے لیے کسی بھی ممکنہ فوجی آپریشن میں حصہ نہیں لے گا۔
اپنے بیان میں فرانسیسی صدر نے کہا کہ فرانس اس تنازع کا فریق نہیں ہے، اس لیے موجودہ حالات میں کسی عسکری کارروائی میں شامل ہونا مناسب نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ فرانس خطے میں کشیدگی بڑھانے کے بجائے اسے کم کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ایمانوئیل میکرون کا کہنا تھا کہ ان کا ملک ایک ایسے بین الاقوامی اتحاد کی تیاری پر کام کر رہا ہے جو حالات بہتر ہونے کے بعد خطے میں آزادانہ اور محفوظ جہاز رانی کو یقینی بنا سکے۔ ان کے مطابق سفارتی ذرائع کو ترجیح دینا ہی موجودہ صورتحال کا واحد مؤثر حل ہے۔
اس سے قبل کئیر اسٹارمر بھی واضح کر چکے ہیں کہ برطانیہ آبنائے ہرمز کھلوانے کے کسی بھی فوجی آپریشن میں حصہ نہیں لے گا۔ برطانوی وزیر اعظم کے اس بیان کو یورپ کی محتاط حکمت عملی کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق یورپی طاقتیں خلیج میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باوجود براہ راست فوجی تصادم سے گریز کر رہی ہیں اور سفارتی حل کو ترجیح دے رہی ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر مزید ممالک نے بھی اسی طرز کا مؤقف اختیار کیا تو کسی بڑے فوجی اتحاد کے امکانات کم ہو سکتے ہیں، جس سے خطے میں کشیدگی کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔