کراچی میں طوفانی آندھی اور شدید بارش،19 افراد جاں بحق، متعدد زخمی، ہائی الرٹ جاری

اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)شہر قائد کراچی کے مختلف علاقوں میں بدھ کی رات شدید طوفانی ہواؤں کے بعد موسلادھار بارش ہوئی، جس کے دوران مختلف حادثات میں انیس افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی کے تقریباً تمام علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ رہا، جس سے شہری زندگی متاثر ہوئی۔

اموات اور حادثات کی تفصیل:
ایدھی اور ریسکیو ۱۱۲۲ کے حکام کے مطابق بلدیہ مواچھ گوٹھ میں دیوار گرنے سے گیارہ افراد، قائد آباد مجید کالونی میں دیوار گرنے سے میاں بیوی، کورنگی میں درخت گرنے سے شہری، ملیر میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص جبکہ بلدیہ میں مکان کی دیوار گرنے سے ایک شہری جاں بحق ہوا۔

ریسکیو ۱۱۲۲ کے ترجمان کے مطابق بلدیہ مواچھ گوٹھ میں دیوار اور چھت گرنے سے مرنے والے افراد نشے کے عادی تھے اور بارش سے بچنے کے لیے عمارت میں جمع ہوئے تھے۔ ریسکیو آپریشن جاری ہے اور ہلاکتوں کی مجموعی تعداد بعد میں سامنے آئے گی۔

بلدیہ ٹاؤن میں مکان کی دیوار گرنے سے ایک ہی خاندان کے سات افراد زخمی ہوئے، جن میں سے ایک شخص دم توڑ گیا۔ گلستان جوہر کامران چورنگی کے قریب دیوار گرنے سے ایک کمسن بچی چار سالہ جاں بحق ہوئی۔ کلفٹن نیلم کالونی کے قریب درخت گرنے سے ایک خاتون جاں بحق ہو گئی، جبکہ کلفٹن اور کورنگی میں درخت گرنے کے مزید متعدد حادثات میں کئی شہری زخمی ہوئے۔

ملیر ندی یارو گوٹھ کے قریب آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا، جس کی شناخت ۳۵ سالہ حضرت عمر کے نام سے ہوئی۔ بلدیہ ٹاؤن کے علاقے مواچھ گوٹھ میں عمارت کے گرنے سے سات افراد جاں بحق ہوئے، جن کی لاشیں سول اسپتال منتقل کر دی گئیں۔

شہر کا بیشتر علاقہ تاریکی میں ڈوب گیا:
شدید طوفان اور بارش کے نتیجے میں ۶۴۵ فیڈرز متاثر ہوئے، جس کے باعث کراچی کے بیشتر علاقے رات گئے تک بجلی سے محروم رہے۔ متاثرہ علاقوں میں گلشن اقبال، گلستان جوہر، ملیر، لانڈھی، کورنگی، اورنگی، لیاقت آباد، اولڈ سٹی ایریا، نمائش اور صدر شامل ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شاہراہ فیصل پر ہواؤں کی رفتار ۹۰ کلومیٹر فی گھنٹہ اور ماڑی پور میں ۹۷ کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی۔

ہائی الرٹ اور حفاظتی اقدامات:
وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے کراچی سمیت پورے صوبے میں ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے متعلقہ محکموں کے عملے کی عید کی چھٹیاں منسوخ کر دی ہیں۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ گھروں میں رہیں اور بجلی کی تنصیبات سے احتیاط کریں۔ پانی کی نکاسی کے لیے ٹیمیں فوری طور پر روانہ کر دی گئی ہیں اور مارکیٹوں کے اطراف سے پانی کی نکاسی کا کام شروع کیا گیا ہے۔

کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے شہر بھر میں انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت دی اور تمام ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کو فوری طور پر فیلڈ میں جانے اور امدادی کاموں میں حصہ لینے کی ہدایت کی۔

ایمرجنسی رسپانس ٹیمیں تشکیل:
چیف فائر آفیسر ہمایوں خان کے مطابق میئر کراچی کی ہدایت پر ایمرجنسی رسپانس ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ شہری کسی بھی ایمرجنسی صورتحال کی اطلاع ۱۳۳۹ ہیلپ لائن پر دے سکتے ہیں۔ شہر کے تمام فائر اسٹیشنز پر ہائی الرٹ ہے اور سات فوکل پرسنز ۲۴ گھنٹے مرکزی کنٹرول روم سے رابطے میں رہیں گے۔

کے الیکٹرک کی ہدایات:
کے الیکٹرک نے شہریوں کو آگاہ کیا ہے کہ تیز ہواؤں اور بارش کے دوران برقی آلات کے استعمال میں احتیاط کریں۔ پانی کے علاقوں میں موٹرز یا دیگر برقی آلات کا غیر محفوظ استعمال حادثات کا سبب بن سکتا ہے۔ شہریوں سے کہا گیا ہے کہ ٹوٹے ہوئے تاروں اور برقی تنصیبات سے محفوظ فاصلہ رکھیں اور غیر قانونی ذرائع سے بجلی حاصل نہ کریں۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو  800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنا مختصر  تعارف کے ساتھ URDUWORLDCANADA@GMAIL.COM پر ای میل کردیجیے۔

امیگریشن سے متعلق سوالات کے لیے ہم سے رابطہ کریں۔

کینیڈا کا امیگریشن ویزا، ورک پرمٹ، وزیٹر ویزا، بزنس، امیگریشن، سٹوڈنٹ ویزا، صوبائی نامزدگی  .پروگرام،  زوجیت ویزا  وغیرہ

نوٹ:
ہم امیگریشن کنسلٹنٹ نہیں ہیں اور نہ ہی ایجنٹ، ہم آپ کو RCIC امیگریشن کنسلٹنٹس اور امیگریشن وکلاء کی طرف سے فراہم کردہ معلومات فراہم کریں گے۔

ہمیں Urduworldcanada@gmail.com پر میل بھیجیں۔

    📰 اقوامِ متحدہ سے تازہ ترین اردو خبریں