اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف سے چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیراعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی اور سیکرٹری خارجہ بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے ’ٹو سیشنز‘ کے کامیاب انعقاد پر چینی قیادت کو مبارکباد پیش کی اور چینی صدر شی جن پنگ، وزیراعظم لی کیانگ اور وزیر خارجہ وانگ یی کی طرف سے یوم پاکستان کی مبارکباد دینے پر شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے زراعت، صنعتی تعاون اور بنیادی ڈھانچے کے شعبے میں سی پیک ٹو کو آگے بڑھانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔
پاک چین تعلقات اور اقتصادی تعاون پر زور
چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے پاکستان کی اقتصادی استقامت اور اصلاحات کی کوششوں کو سراہا اور تجارت و سرمایہ کاری میں تعاون کا اعادہ کیا۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان جاری رابطوں پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور 75 ویں سالگرہ کے موقع پر تعلقات مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے علاقائی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کشیدگی میں کمی اور استحکام کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کو اجاگر کیا اور باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی ہم آہنگی جاری رکھنے اور پائیدار پاک چین سٹریٹجک شراکت داری کے عزم کا اعادہ کیا۔